وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے 3 روزہ سرکاری دورے پر کل روانہ ہوں گے
وزیراعظم شہباز شریف 5 اکتوبر کو ملائیشیا کے 3 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، وزیراعظم کا یہ دورہ ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ملائیشین ہم منصب سے دو طرفہ مذاکرات کریں گے، ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفرا اسٹرکچر، ڈیجیٹل اکانومی اور عوامی روابط جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
شہباز شریف کے دورے کے دوران دونوں رہنما کئی موجودہ اور نئے شعبوں میں باہمی تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخطوں کی تقاریب میں بھی شریک ہوں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوستی اور تعاون کے مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا مظہر اور اس امر کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام، تجارت، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کو اہمیت دیتے ہیں۔
وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی دورہ کر رہا ہے جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزرا اور سینیئر سرکاری حکام شامل ہیں۔












لائیو ٹی وی