بولی وڈ اداکارہ رشمیکا مندانا نے اداکار وجے دیوراکونڈا سے خاموشی سے منگنی کرلی
بولی وڈ اداکارہ رشمیکا مندانا نے طویل عرصے کی قیاس آرائیوں کے بعد اداکار وجے دیوراکونڈا سے خاموشی کے ساتھ منگنی کرلی۔
وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کے درمیان کافی عرصے سے تعلقات کی خبریں گردش میں تھیں اور متعدد بار دونوں کی منگنی کی افواہیں بھی سامنے آئیں، تاہم ان کی کبھی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔
انڈیا ٹوڈے نے تصدیق کی ہے کہ رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا نے باضابطہ طور پر منگنی کرلی ہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں نے 3 اکتوبر کو حیدرآباد میں ایک نجی تقریب میں انگوٹھیاں تبدیل کیں، جس میں صرف قریبی خاندان کے افراد نے شرکت کی، منگنی کی سادہ تقریب وجے دیوراکونڈا کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جسے جان بوجھ کر کم پروفائل رکھا گیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق وجے دیوراکونڈا کی ٹیم نے منگنی کی خبر کی تصدیق کی، جب کہ رشمیکا مندانا کی جانب سے ابھی تک اس کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔
منگنی کی اطلاع سامنے آتے ہی مداحوں اور فلمی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، خاص طور پر اس لیے کہ دونوں کی آن اسکرین کیمسٹری کئی برسوں سے مداحوں کے درمیان گفتگو کا مرکز بنی ہوئی تھی۔
دونوں کے درمیان تعلقات کا آغاز 2017 میں ہوا، جب رشمیکا مندانا نے اداکار رکشیت شیٹی سے اپنی منگنی ختم کی تھی، ان کی پہلی ملاقات فلم ’گیتا گووندم‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی۔
ان کی جوڑی نے ناظرین کو اس قدر متاثر کیا کہ ان کے آف اسکرین تعلقات کی افواہیں بھی گردش میں آنے لگیں، جن کی نہ تو تصدیق کی گئی اور نہ ہی تردید۔
دونوں اداکاروں کو متعدد عوامی اور میڈیا تقریبات، ایئرپورٹس اور چھٹیوں کی مقامات پر ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا، جب کہ ان کے سوشل میڈیا پوسٹس بھی مشترکہ تجربات کی جھلک پیش کرتے تھے۔
تاہم، میڈیا کے سوالات کے باوجود دونوں نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو خفیہ رکھا اور ایک دوسرے کے بارے میں براہِ راست بات کرنے سے گریز کیا۔
2024 میں رشمیکا مندانا نے ایک ٹی وی شو میں شرکت کے دوران جب لائیو شو میں وجے کو فون کیا اور شرماتے ہوئے بات کی، تو مداحوں نے دونوں کے تعلقات پر ایک بار پھر چہ مگوئیاں شروع کر دیں۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کی شادی کی تقریب فروری 2026 میں متوقع ہے، جو ممکنہ طور پر ان کی اگلی مشترکہ فلم کی ریلیز کے موقع پر منعقد کی جائے گی۔
کام کے محاذ پر رشمیکا مندانا اپنی نئی فلم ’تھمّا‘ کی ریلیز کی تیاری میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ہمراہ آیوشمان کھرانہ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، یہ فلم 21 اکتوبر کو ریلیز ہوگی۔
دوسری جانب وجے دیوراکونڈا کو حال ہی میں فلم ’کنگڈم‘ میں سوری کے کردار میں دیکھا گیا، جب کہ ان کی نئی فلم ’دی گرل فرینڈ‘، جس میں ان کے ساتھ دھیکشیت شیٹی شامل ہیں 7 نومبر کو ریلیز ہوگی۔












لائیو ٹی وی