• KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 23°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 23°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.8°C

سیاست میں نرمی گرمی چلتی رہتی ہے، کسی کی دل آزاری نہیں ہونی چاہیے تھی، اعظم نذیر تارڑ

شائع October 6, 2025
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اپوزیشن خوش نہ ہو، کوشش کریں گے کہ دوستوں کو منا کر واپس لے آئیں، سیاست میں نرمی گرمی چلتی رہتی ہے۔

سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اور وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے، پنجاب حکومت نے بہت محنت کرکے سیلاب سے نمٹا۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ( ن ) کے درمیان حالیہ بیان بازی کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ سیاست میں نرمی گرمی چلتی رہتی ہے، یہاں موسم تھوڑا گرم ہے لیکن سردی آنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے الفاظ سے دل آزاری ہوئی ہے تو بطور سیاسی کارکن مجھے دکھ ہے، صدر زرداری بزرگ سیاستدان ہیں وہ صلح کار کا کردار ادا کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین کے سینیٹ اجلاس سے کے واک آؤٹ کرنے پر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن خوش نہ ہو ، کوشش کریں گے کہ دوستوں کو منا کر واپس لے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ صدرمملکت نے اپنا آئینی کردار ادا کیا، کسی کی دل آزاری نہیں ہونی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی تقسیم انڈس ریور معاہدےکےتحت ہی ہوگی۔

پنجاب کارڈ کھیل کر ریڈ لائن کراس ہو رہی ہے، شیری رحمٰن

قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ ملک میں سیلاب اور آفت آئی ہوئ ہے، سندھ پنجاب کے لاکھوں لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی پی پی کی قیادت کی طرف سے کہنا چاہوں گی کہ ہم لوگوں کو تقویت دینے کے بجائے کمزور کررہے ہیں، پنجاب حکومت اور سندھ حکومت میں الفاظ کی جنگ کا اثر وفاقی حکومت پر پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کارڈ کھیل کر ریڈ لائن کراس ہو رہی ہے، بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو کے بارے میں باتیں کرنا نامناسب ہے، پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی کی نمائندگی ہے۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بس اتنا کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو استعمال کرکے سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی تذلیل کرکے حکومتی اتحاد نہیں چلا کرتے، معافی مانگ کر کسی کی عزت نفس میں کمی نہیں ہوتی۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کلائمیٹ جسٹس کی بات کی ہے، جنوبی پنجاب سیلاب سے تباہ ہوا ہے، فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔

امداد سیلاب متاثرین تک نہ پہنچی بلکہ شائد ان کی جیبوں تک پہنچ گئی، علی ظفر

سینیٹر علی ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دو اتحادی جماعتوں میں مقابلہ ہے، یہ دلچسپ مقابلہ کہ کس نے زیادہ پریس کانفرنس کی، کس نے کتنی تصویریں کھنچوائیں، اس پر یہ جھگڑ رہے ہیں، امداد سیلاب متاثرین تک نہ پہنچی بلکہ شائد ان کی جیبوں تک پہنچ گئی۔

انہوں نے کہا کہ میں انھیں بے بسی ، جھوٹ ، نااہلی اور لالچ کی ٹرافی دیتا ہوں، امداد کرپشن کی نذر ہو رہی ہے، قائم مقام چئیرمین نے علی ظفر کو مزید تقریر کرنے سے روک دیا جس پر پی ٹی آئی سینیٹرز نے احتجاج کیا۔

سینٹر سیف اللہ ابڑو نے سینٹ میں کورم کی نشاندہی کر دی جس کے بعد پی ٹی ائی ارکان ایوان سے نکل گئے۔ سیدال خان ناصر نے سیف اللہ ابڑو کو کہا اپ ایوان کو ڈسٹرب کرتے ہیں اور ساتھ ہی انھیں غصے سے کہا سٹ ڈاؤن، جس پر سیف اللہ ابڑو نے غصے سے کہا آپ اپنی انگلی نیچےکریں۔

اس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ارکان واپس ایوان میں آ گئے، سیدال خان ناصر نے کہا کہ ایوان میں کورم پورا نکلا ہے جس پر پی ٹی آئی ارکان ایوان سے دوبارہ واک اؤٹ کر گئے اور سیف اللہ ابڑو نے دوبارہ سینیٹ میں کورم کی نشاندہی کر دی، کورم پورا نہ نکلا اور سینیٹ کا اجلاس جمعرت شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026