ویمنز ورلڈکپ، بھارت کیخلاف میچ میں سدرہ امین کی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سرزنش
پاکستانی بیٹر سدرہ امین نے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ویمنز ورلڈکپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں آؤٹ ہونے کے بعد بلا زمین پر دے مارا تھا جسے آئی سی سی نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے پاکستانی کھلاڑی کی سرزنش کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی نمایاں بلے باز سدرہ امین کو بھارت کے خلاف کولمبو میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرزنش کی گئی ہے۔
اتوار کے روز بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دی تھی، سدرہ امین نے شاندار 81 رنز بنائے، وہ بھارت کے خلاف خواتین کی ون ڈے انٹرنیشنل میں چھکا مارنے والی پہلی پاکستانی بلے باز بھی بن گئیں۔
دائیں ہاتھ کی بلے باز پر آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا، جو کھلاڑیوں یا معاون عملے کی جانب سے ’بین الاقوامی میچ کے دوران کرکٹ کے سامان، کپڑوں، گراؤنڈ کے آلات یا دیگر اشیا کے غلط استعمال‘ سے متعلق ہے۔
یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 40ویں اوور میں پیش آیا، جب آؤٹ ہونے کے بعد سدرہ امین نے غصے میں اپنا بیٹ زور سے پچ پر دے مارا تھا۔
اس سرزنش کے ساتھ سدرہ کے ڈسپلن ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے، یہ ان کی گزشتہ 24 ماہ میں پہلی خلاف ورزی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق لیول ون کی خلاف ورزی پر کم از کم سزا وارننگ ہوتی ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ سزا کھلاڑی کی میچ فیس کے 50 فیصد جرمانے اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس کی صورت میں دی جا سکتی ہے۔
سدرہ امین نے اپنی غلطی تسلیم کر لی اور ایمیریٹس آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز سے تعلق رکھنے والی شاندرے فِرِٹز کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کے بعد باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہ آئی۔
پاکستان اپنا اگلا میچ بدھ، 8 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔













لائیو ٹی وی