متعدد ادویات ڈال کر بنائے گئے ’پائے‘ پوری ٹی وی ٹیم کو کھلائے، فضا علی

شائع October 6, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ و ٹی وی میزبان فضا علی نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہوں نے غصے میں آکر اپنے ٹی وی شو کی تقریبا تمام ٹیم کو متعدد ادویات ڈال کر تیار کیے گئے پائے بنا کر کھلائے تھے۔

فضا علی کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو کے بعد صارفین نے شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ بھی کیا۔

وائرل ویڈیو میں فضا علی نے بتایا کہ انہوں نے غصے میں آکر اپنی ٹیم کے ساتھ ایسا کیا اور انہوں نے متعدد ادویات ڈال کر پائے بنائے۔

اداکارہ کے مطابق ان کا اپنے ہی ٹی وی شو کے اسٹاف سے کسی بات پر جھگڑا ہوگیا تھا، جس وجہ سے وہ سب سے ناراض تھیں، اس لیے انہوں نے ایسا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سب نے ان سے فرمائش کی کہ وہ سب کو پائے بنا کر کھلائے اور انہوں نے ایسا ہی کیا لیکن پائے میں انہوں نے متعدد ادویات بھی ڈالیں۔

فضا علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے پائے میں پیناڈول، زینکس اور کھانسی کے شربت سمیت دیگر ادویات بھی ڈالیں جب کہ انہوں نے باہر سے بھی کچھ ادویات منگوا کر پائے میں ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ اگلے دن انہوں نے ایک آدھ فرد کو چھوڑ کر پوری ٹیم کو پائے کھلائے اور جیسے ہی اسٹاف نے کھانا کھانا شروع کیا، وہ وہاں سے چلی گئیں۔

ٹی وی میزبان کے مطابق انہیں بعد میں فون کرکے بتایا گیا کہ کچھ افراد کو الٹیاں ہوگئی ہیں جب کہ بعض افراد کی حالت غیر ہوچکی ہے اور کہ ان کے سابق شوہر فواد کو بھی فون کرکے ڈرایا گیا کہ ان کی سابق بیوی پر پولیس کیس بنے گا۔

فضا علی کا کہنا تھا کہ ان کے سابق شوہر فواد کو یہ بھی بتایا گیا کہ بعض افراد کی حالت تشویش ناک ہو چکی ہے، جنہیں ہسپتال میں آکسیجن پر رکھا گیا ہے لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہوا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی جانب سے پائے میں متعدد ادویات ملانے کے باوجود کسی کو کوئی سنگین مسئلہ نہ ہوا، سب نے کچھ دن آرام کیا اور ٹھیک ہوگئے۔

ٹی وی میزبان کی جانب سے مذکورہ اعتراف کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین ان کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔

فضا علی کی مذکورہ ویڈیو دو سال قبل دیے گئے ایک انٹرویو کی کلپ ہے، جس میں انہوں نے دیگر معاملات پر بھی کھل کر بات کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2025
کارٹون : 9 نومبر 2025