پی ٹی اے کا جعلی ویب سائٹس اور آن لائن نوکریوں کےخلاف ملک گیر آگاہی مہم کا آغاز

شائع October 7, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے جعلی ویب سائٹس اور آن لائن جعلی نوکریوں کے خلاف ملک گیر آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔

آن لائن نوکریوں کی آڑ میں پاکستانیوں کی حساس معلومات چوری کرنے کی دشمن ممالک کی سازش کو بے نقاب کرنے اور ناکام بنانے کے مقصد سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے جعلی ویب سائٹس اور آن لائن جعلی نوکریوں کے خلاف ملک گیر آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔

پی ٹی اے حکام نے بتایا ہے کہ دشمن ملک کی ایجنسیاں آن لائن نوکریوں کے جھانسے سے شہریوں سے حساس معلومات اور اہم اداروں کے محل وقوع سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، ایسی جعلی کمپنیاں پُرکشش تنخواہ کی پیش کش کرکے پاکستانیوں کو اپنے جال میں پھنسا رہی ہیں، جب کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کمپنیوں کے نام سے نوجوانوں کو نوکریاں آفر کی جاتی ہیں۔

حکام نے کہا کہ شہریوں کو لنکڈ اِن، جاب گلف اور ان جیسی دیگر ویب سائٹس پر ہدف بنایا جا رہا ہے اور سروے یا ریسرچ کی آڑ میں قومی منصوبوں کی تصاویر اور لوکیشنیں حاصل کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں، یہ معلومات بعد ازاں ملک اور شہریوں کے خلاف استعمال ہو سکتی ہیں۔

یاد دہانی کے طور پر پی ٹی اے نے بتایا کہ وہ متعلقہ وزارتوں کی درخواست پر اس طرح کے عمومی آگاہی پیغامات جاری کرتا رہتا ہے۔

پی ٹی اے شہریوں پر زور دیتا ہے کہ وہ ذمہ دار بنیں، مشکوک آفرز اور لنکس سے ہوشیار رہیں اور دشمن ایجنسیوں کے ایجنڈے سے باخبر رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025