رابعہ عابد علی ایوارڈز کے لیے نامزد نہ ہونے پر افسردہ، مداحوں کو اپیل کردی

شائع October 7, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکارہ رابعہ عابد علی نے خود کو ایوارڈز کے لیے نامزد نہ کیے جانے پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو اپیل کی ہے کہ وہ ان سے بار بار یہ سوال نہ پوچھیں کہ انہیں ایوارڈ کے لیے کیوں منتخب نہیں کیا گیا؟

رابعہ عابد علی نے فیس بک پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ ایوارڈ کے لیے نامزد نہ کیے جانے پر شکوہ کرتی دکھائی دیں۔

انہوں نے ویڈیو میں کسی ایوارڈز شو کا نام نہیں لیا، تاہم ان کا اشارہ جلد منعقد ہونے والے ’ہم ایوارڈز‘ کی جانب تھا، جس میں انہیں نامزد نہیں کیا گیا۔

رابعہ عابد علی نے ویڈیو میں مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان سے یہ سوال پوچھنا بند کریں کہ انہیں فلاں ٹی وی چینل کے فلاں ڈرامے کے فلاں بہترین کردار کرنے کے باوجود ایوارڈ کے لیے کیوں نامزد نہیں کیا گیا؟

اداکارہ نے مداحوں کو کہا کہ وہ اس معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتیں لیکن مداح خود سمجھ جائیں کہ کیا ہو رہا ہے۔

سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ جس انڈسٹری کا حصہ ہیں، اسے شو بزنس کہا جاتا ہے، جہاں شو کچھ ہوتا ہے لیکن پس پردہ کچھ اور ہو رہا ہوتا ہے اور مداح ایسی باتوں کو خود ہی سمجھ جائیں۔

اداکارہ کے مطابق جس طرح اب اداکاروں کو معاوضے نہ ملنے یا ان میں تاخیر کی باتیں سامنے آ رہی ہیں، اسی طرح ایک دن ایوارڈز کے راز بھی سامنے آئیں گے اور ہر کوئی اس بات کر رہا ہوگا۔

رابعہ عابد علی سے قبل دوسرے متعدد معروف اور سینئر اداکار بھی ایوارڈز شوز کی افادیت، اہمیت اور انہیں من پسند اداکاروں کو دیے جانے پر بات کرتے آئے ہیں۔

رابعہ عابد علی نے ایوارڈ کے لیے نامزد نہ کیے جانے کا شکوہ ایسے وقت میں کیا ہے جب کہ جلد ہی ’ہم ایوارڈز‘ بیرون ملک منعقد ہونے والا ہے۔

رابعہ عابد علی اس وقت ہم ٹی وی پر نشر کیے جانے والے ڈراموں میں بھی نظر آتی ہیں، تاہم انہوں نے اپنی ویڈیو میں ایوارڈ یا ڈرامے کا نام نہیں لیا۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2025
کارٹون : 9 نومبر 2025