انو ملک کے خلاف جنسی ہراسانی کا کیس کرنے کے بعد کام دینا بند کردیا گیا، الیشا چنائے

شائع October 7, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

معروف بھارتی پلے بیک سنگر الیشا چنائے نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں جب انہوں نے ساتھی گلوکار انو ملک کے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ دائر کیا تو ان کے لیے مشکلات پیدا کی گئیں، انہیں کام دینا بند کردیا گیا۔

الیشا چنائے نے ابتدائی طور پر 1996 میں انو ملک کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کی تھی لیکن عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی تھی۔

الیشا چنائے نے انو ملک پر سنگین جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے اور اس وقت گلوکارہ شادی شدہ تھیں۔

تاہم بعد ازاں الیشا چنائے نے انو ملک کے ساتھ 2003 کے بعد ایک ساتھ فلموں میں گلوکاری بھی شروع کردی تھی لیکن 2018 میں ’می ٹو مہم‘ شروع ہونے کے بعد انو ملک پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگانے والی دیگر خواتین کی انہوں نے حمایت کی تھی۔

اب الیشا چنائے نے ایک انٹرویو میں پہلی بار واضح کیا ہے کہ انہوں نے کیوں انو ملک پر ہراسانی کے الزامات کے بعد بھی ان کے ساتھ کام کیا؟

’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق الیشا چنائے نے انٹرویو میں بتایا کہ جب انہوں نے انو ملک کے خلاف مقدمہ کیا تو ان کے لیے مشکلات پیدا کی گئیں، انہیں کام دینا بند کردیا گیا، ان کا بائیکاٹ کیا گیا۔

ان کے مطابق انہیں اس وقت بھی بہت سارے افراد نے مشورہ دیا تھا کہ وہ ایسا نہ کریں لیکن انہیں اس وقت ان کے شوہر نے حوصلہ دیا اور وہ ان کے ساتھ کھڑے رہے، جس بنا پر انہوں نے طاقتور گلوکار کے خلاف قانونی جنگ لڑی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت مردانہ معاشرہ ہے، اس لیے ان کا کیس آگے نہیں بڑھا، انہیں بدنامی ملی، ان کے خلاف طرح طرح کی باتیں کی گئیں۔

الیشا چنائے نے بتایا کہ بعد ازاں انو ملک نے ان سے ذاتی طور پر جنسی ہراسانی کے واقعے کی معافی مانگی اور دوسرے افراد نے بھی کہا کہ اب گلوکار تبدیل ہوچکے ہیں، جس کے بعد وہ ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے رضامند ہوئیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 2018 میں انو ملک پر ہراسانی کے الزامات لگانے والی خواتین کی اس لیے حمایت کی، کیوں کہ وہ گلوکار کی فطرت سے واقف تھیں۔

خیال رہے کہ الیشا چنائے کا شمار مقبول ترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے، ان کے چند گائے گئے مشہور گانوں میں ’تیرے عشق میں ناچیں گے، ٹچ می، زوبی زوبی، اک نگاہ میں، دل تو ہی بتا، کجرا رے، نو انٹری، تنکا، تنکا، میڈ ان انڈیا، سیکسی سیکسی لوگ مجھے بولیں‘ اور دوسرے گانے شامل ہیں۔

انو ملک پر 2018 میں متعدد ابھرتی ہوئی گلوکاراؤں سمیت اداکاراؤں نے بھی جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے اور انہوں نے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 9 نومبر 2025
کارٹون : 8 نومبر 2025