پاکستان کی سالانہ معاشی شرح نمو حکومت کے گزشتہ تخمینے سے بڑھ کر 3 فیصد ہوگئی
پاکستان کی سالانہ معاشی شرح نمو حکومت کے گزشتہ تخمینے سے زیادہ ہوگئی۔مالی سال 25-2024 کی نظر ثانی شدہ معاشی شرح نمو 3 فیصد ہوگئی، حکومت نے معاشی شرح نمو کا تخمینہ 2.68 فیصد منظور کیا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان کی سالانہ معاشی شرح نموحکومت کے گزشتہ تخمینے سے زیادہ ہوگئی، نیشنل اکاونٹس کمیٹی نے نظرثانی معاشی شرح نمو کی منظوری دے دی جس کے مطابق مالی سال 25-2024 کی نظر ثانی شدہ معاشی شرح نمو 3.04 فیصد ہوگئی۔
اس سے قبل حکومت نے 25-2024 کے لیےمعاشی شرح نمو کا تخمینہ 2.68 فیصد منظور کیا تھا جبکہ مالی سال 25-2024 کے آخری سہ ماہی میں معاشی شرح نمو 5.66 فیصد رہی تھی۔
نیشنل اکاونٹس کمیٹی کے منظور شدہ تازہ معاشی اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 25-2024 میں پاکستان کی معیشت کاحجم 407 ارب ڈالرز سے تجاوز کرگیا جبکہ فی کس آمدن 1812 ڈالرز ہوگئی۔
ملکی معیشت کے حجم اور فی کس آمدنی حکومت کےگزشتہ تخمینے سےکم ہوگئی، مالی سال 25-2024 کےملکی معیشت کے لیے حکومت کا تخمینہ پہلے 411 ارب ڈالرز تھا، اب گزشتہ مالی سال کے لیےملکی معیشت کاحجم کم کرکے407 ارب 20 کروڑ ڈالرز کردیا گیا ہے۔
مالی سال 24-2023 کےمقابلے میں گزشتہ مالی سال (25-2024) معیشت کاحجم 35 ارب ڈالرز زیادہ رہا، مالی سال 24-2023 کے دوران ملکی معیشت کا مجموعی حجم 372 ارب ڈالرز تھا۔
گزشتہ مالی سال کے لیے پہلےفی کس آمدنی کا حکومتی تخمینہ 1824 ڈالرز تھا، اب فی کس آمدنی کا تخمینہ کم کرکے 1812 ڈالرز کر دیا گیا ہے۔
معاشی شرح نمومیں گزشتہ حکومتی تخمینے کے مقابلے اضافے کے باوجود ہدف حاصل نہ ہوسکا
گزشتہ مالی سال 25-2024 میں معاشی شرح نمو 3.04 فیصد رہی، ہدف3.6 فیصد تھا، اس سے پہلےحکومت نےگزشتہ مالی سال کے لیےمعاشی شرح نموکا تخمینہ2.68 فیصد منظور کیا تھا۔













لائیو ٹی وی