بگ باس کے سیٹ پر حکومتی چھاپہ، نشریات معطل
بھارت کے متنازع ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے کنڑ زبان کے شو کے سیٹ پر ریاستی حکومت کے چھاپے کے بعد اسٹوڈیو کو سیل کرکے شو کی نشریات معطل کردی گئی، تاہم بعد ازاں حکومت نے شو منتظمین کو کچھ دن کا ریلیف فراہم کردیا۔
بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بگ باس کنڑ سیزن 12 کو ضلعی انتظامیہ نے 10 دن کی عارضی اجازت دے دی تاکہ شو دوبارہ شروع ہو سکے۔
انتظامیہ کی جانب سے اجازت دیے جانے سے قبل جولی ووڈ اسٹوڈیوز اینڈ ایڈونچرز میں واقع شو کے سیٹ کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔
حکومتی چھاپے کے دوران حکام نے سیٹ کے حوالے سے متعدد مسائل کی نشاندہی کی، جن میں سیوریج اور کوڑا کرکٹ کا غلط انتظام، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (250 کے ایل ڈی صلاحیت) کا غیر فعال ہونا اور بغیر اجازت ڈیزل جنریٹرز کا استعمال شامل ہے۔
اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے پلاسٹک کے کپ اور کاغذی پلیٹوں جیسے ٹھوس کچرے کو بغیر چھانٹی کے پھینکنے جیسے مسائل کی نشاندہی بھی کی گئی جو کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
کرناٹک اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ (کے ایس پی سی بی) نے بھی ’بگ باس‘ شو کے سیٹ پر ان مسائل کی تصدیق کی تھی۔
حکومت کی جانب سے سیٹ بند کیے جانے کے بعد شو کے مقابلہ کرنے والوں کو خاموشی سے ایگلٹن ریزورٹ منتقل کرکے عارضی طور پر نشریات روک دی گئی۔
شو کی نشریات رکنے کے دوران پروڈکشن ٹیم نے پرانے ریکارڈ شدہ مواد کا سہارا لیا لیکن اب حکومت کی جانب سے عارضی اجازت کے بعد شو کی نشریات دوبارہ بحال ہوگی۔
ضلعی انتطامیہ کے مطابق 10 دن کی اجازت پروڈکشن ٹیم کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ ماحولیاتی قوانین پر عمل کریں، مسائل حل کریں اور طویل مدتی اجازت کے لیے بات چیت کریں۔ عارضی اجازت کے باوجود حکام سیٹ کی سخت نگرانی کر رہے ہیں اور اگر قوانین پر عمل نہ ہوا تو شو پر دوبارہ پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں۔
بھارت میں ’بگ باس‘ کے شو کے ہندی اور کنڑ کے علاوہ دیگر مقامی زبانوں میں بھی شو پیش کیے جاتے ہیں۔












لائیو ٹی وی