ویمنز ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 107 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا دیا
آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے نویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستانی ٹیم کو107 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ آسٹریلیا نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئی بھی پاکستانی بیٹر قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی، اور پاکستان کی وکٹیں یکے بعد دیگر گرتی چلی گئیں، سدرہ امین نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے۔
پاکستانی اوپننگ بیٹرز صدف شمس اور منیبہ بالترتیب 5 اور 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، ان کے بعد اسٹار بیٹر سدرہ امین نے آسٹریلوی باؤلرز کی مزاحمت کی، مگر دوسرے اینڈ سے کوئی ان کا ساتھ نہ دے سکا۔
نٹالیا پرویز ایک، ایمن فاطمہ صفر پر آؤٹ ہوئیں جبکہ کپتان فاطمہ ثنا بھی محض 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ ڈیان بیگ نے 7 اور نشرح سندھو نے 11 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے کم گریتھ نے 3، میگن شٹ نے 2 اور جبکہ ایلینا کنگ، انابیل سیدرلینڈ، ایشلی گارڈنر اور جارجیا ریہم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
قبل ازیں پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا کیونکہ پاکستانی باؤلرز کی شاندار باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا کی 76 رنز پر 7 وکٹیں گر چکی تھیں۔
اس موقع پر لگ رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم 100 رنز بھی بمشکل کر پائےگی مگر بیتھ مونی اور ایلینا کنگ نے پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
بیتھ مونی نے مشکل وقت میں ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اور شاندار سینچری اسکور کی، انہوں نے 95 کے رن ریٹ سے 114 گیندوں پر 109 رنز بنائے۔
دسویں نمبر پر کھیلنے کے لیے آنے والی ایلینا کنگ نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 51 رنز کی ناٹ آؤٹ کھیلی۔
بیتھ مونی اور ایلینا کنگ کی بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے اسکورڈ پر 221 کا مجموعہ سجایا جبکہ ایک وقت میں آسٹریلوی ٹیم کے لیے 100 رنز اسکور کرنا بھی مشکل دکھائی دے رہا تھا۔
پاکستان کی جانب سے نشرح سندھو نے3، فاطمہ ثنا اور رامین شمیم نے 2، 2 جبکہ ڈیانا بیگ اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بیتھ مونی کو شاندار سینچری بنا کر اپنی ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کرنے پر پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔
ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے، اس سے پہلے قومی ویمنز ٹیم کو بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیموں نے ہرایا تھا۔
تین میچوں میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے، اس کا اگلا میچ انگلینڈ سے 15 اکتوبر کو ہوگا۔













لائیو ٹی وی