نعمان جاوید کو کس چیز نے خودکشی کرنے پر مجبور کیا؟ گلوکار نے بتادیا

شائع October 13, 2025
— فوٹو: ریویو پی کے
— فوٹو: ریویو پی کے

گلوکار نعمان جاوید نے اپنی زندگی کے سب سے مشکل دور سے متعلق حیران کن انکشافات کیے۔

نعمان جاوید نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی، ڈپریشن اور ماضی کے تلخ تجربات پر کھل کر گفتگو کی۔

گلوکار نے بتایا کہ انہیں کچھ عرصے قبل معلوم ہوا کہ وہ کلینیکل ڈپریشن کا شکار ہیں۔

ان کے مطابق بچپن میں ان کے ذہن میں ایک کتابی دنیا تخلیق کی گئی تھی جہاں ہر چیز مثالی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ عملی زندگی میں داخل ہوئے تو انہیں احساس ہوا کہ دنیا ان کے خیالات سے بالکل مختلف ہے۔

نعمان جاوید نے بتایا کہ انہوں نے اپنے قائم کیے گئے نظریات کے مطابق دنیا کو بہتر بنانے کی کوشش کی، مگر ناکام رہے، اس ناکامی نے انہیں یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ وہ ایک ایسی دنیا کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جو حقیقت میں موجود ہی نہیں۔

ان کے بقول انہوں نے لوگوں کو صحیح راستہ دکھانے کی بھی کوشش کی، حالانکہ یہ ان کا کام نہیں تھا اور انہیں اس بات کا احساس بہت دیر میں ہوا۔

نعمان جاوید نے بتایا کہ اس احساس کے بعد انہوں نے خود کو بہتر بنانے کی کوشش شروع کی، تاہم وہ نفسیاتی مسائل میں بھی مبتلا ہوگئے۔

گلوکار نے 2016 میں اپنی خودکشی کی کوشش کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت وہ شدید ذہنی دباؤ اور ذاتی مشکلات سے گزر رہے تھے، انہوں نے ہمیشہ لوگوں کے ساتھ اچھا کرنے کی کوشش کی، مگر بدلے میں انہیں اچھا صلا نہیں ملا، اس وقت لگتا تھا کہ دنیا بہت ظالم اور بری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دن وہ ٹی وی پر خبریں دیکھ رہے تھے جہاں انہوں نے کراچی میں ایک باپ کو اس کی پانچ سالہ بیٹی سمیت گاڑی میں جلائے جانے کی خبر سنی، یہ واقعہ سن کر وہ شدید جذباتی ہو گئے، اس لمحے انہیں لگا کہ سب ختم ہو گیا ہے اور انہوں نے خودکشی کرنے کا فیصلہ کیا۔

نعمان جاوید نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ان کا عمل درست تھا، لیکن اس وقت وہ اتنے ٹوٹ چکے تھے کہ انہیں یہی واحد راستہ لگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ جانتے تھے کہ خودکشی دین میں حرام ہے، لیکن اس وقت وہ مجبور تھے، لیکن اللہ نے ہی ان کی جان بچائی اور اس کے بعد انہیں ایک نیا تحفہ ملا کہ انہوں نے نماز کی پابندی شروع کر دی۔

کارٹون

کارٹون : 12 نومبر 2025
کارٹون : 11 نومبر 2025