لاہور ٹیسٹ: دوسرے روز پاکستان کی پوزیشن مستحکم، جنوبی افریقہ کے 216 رنز پر 6 آؤٹ
جنوبی افریقہ کے خلاف 2 میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی ٹیم 378 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جس کے جواب میں دوسرے روز کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنالیے ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے 5 وکٹوں پر 313 رنز سے کھیل کا آغاز کیا اور 65 رنز کے اضافے سے پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی، آخری 5 وکٹیں صرف 16 رنز کے فرق سے گریں اور پوری قومی ٹیم 378 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
جنوبی افریقی پہلی اننگز
جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 45 رنز پر گرگئی، ایڈن مارکرم 20 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ ویان ملڈر 80 رنز کے مجموعی اسکور پر 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
تیسرے وکٹ کے لیے ریان رکیلٹن اور ٹونی ڈی زورزی نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو 174 رنز تک پہنچادیا، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔
تاہم اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، ریان رکیلٹن 71 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، ٹرسٹن اسٹبس صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور ڈیوالڈ بریوس نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی، وکٹ کیپر بلے باز کائل ویرین 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
قومی ٹیم کی جانب سے نعمان علی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان اور سلمان علی آغا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پاکستان پہلی اننگز
اس سے قبل دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو سلمان علی آغا 52 اور محمد رضوان 62 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، تاہم محمد رضوان انفرادی اسکور میں 13 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 362 کے مجموعی اسکور پر 75 رنز بناکر متھوسوامی کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میں چھٹی وکٹ کے لیے 163 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔
سلمان علی آغا پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جو 93 رنز کے انفرادی اسکور پر اسپنر پرینیلن سبرائن کی گیند پر متھوسوامی کو کیچ تھما بیٹھے اور نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران متھوسوامی نے 6، پرینیلن سبرائن نے 2 جب کہ کگیسو رابادا اور سیمن ہرمن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق 93، سلمان علی آغا 93 شان مسعود 76، محمد رضوان 75، بابراعظم 23، عبداللہ شفیق 2 اور سعود شکیل صفر رنز بناسکے۔














لائیو ٹی وی