• KHI: Clear 18.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C
  • KHI: Clear 18.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C

نوشہرہ: پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار فائرنگ سے شہید

شائع October 15, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے نظام پور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید ہوگیا، ملک بھر میں قومی انسداد پولیو مہم تیسرے روز بھی کامیابی سے جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق نوشہرہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا، فائرنگ کا واقعہ نظام پور کے علاقے میں پیش آیا۔

شہید پولیس اہلکار پولیو ڈیوٹی پر مامور تھا، واقعے کی اطلاع ملنے پرپولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

ملک بھر میں جاری قومی انسدادِ پولیو مہم تیسرے روز بھی کامیابی سے جاری ہے، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹرکے مطابق ابتدائی دو روز کے دوران 2 کروڑ 54 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں ایک کروڑ 43 لاکھ، سندھ میں 50 لاکھ 19 ہزار، خیبر پختونخوا میں 37 لاکھ 74 ہزار، بلوچستان میں 14 لاکھ 50 ہزار، اسلام آباد میں 2 لاکھ 3 ہزار، گلگت بلتستان میں ایک لاکھ 87 ہزار جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 4 لاکھ 81 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مربوط اور مسلسل کوششیں جاری ہیں، اس ہفتے 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

نیشنل ای او سی نے والدین اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کو خوش آمدید کہیں اور اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں، این ای او سی کے مطابق پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جو معصوم بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کر دیتی ہے، اس لیے مہم کی کامیابی میں والدین اور کمیونٹی کا کردار انتہائی اہم ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025