ہم ایوارڈز میں ہانیہ عامر کو مداحوں کے غیر مناسب رویے کا سامنا، ویڈیوز وائرل
امریکا کے شہر ہیوسٹن میں منعقد ہونے والی ہم ایوارڈز کی شاندار تقریب میں جہاں شوبز ستاروں نے جلوے بکھیرے، وہیں اداکارہ ہانیہ عامر کو مداحوں کے غیر مناسب رویے کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
گزشتہ دنوں ہم ایوارڈز کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جہاں اپنے پسندیدہ فنکاروں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی، جن میں خواتین کی تعداد نمایاں تھی۔
تقریب کے دوران اداکارہ ہانیہ عامر کو ’گلوبل اسٹار ایوارڈ‘ سے نوازا گیا، وہ اس موقع پر نیلے رنگ کے خوبصورت لباس میں شریک ہوئیں اور اپنے مداحوں کے ساتھ خوشگوار انداز میں سیلفیاں بنواتی نظر آئیں۔
تاہم، اسی دوران ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔
وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مداحوں کے ہجوم میں موجود خواتین نے ان کے قریب ہونے کی کوشش کی، کئی خواتین نے ان کے ساتھ سیلفیاں اور ویڈیوز بھی بنائیں، جب کہ کچھ نے بغیر اجازت ان کی کمر کو ہاتھ لگانے کی بھی کوشش کی۔
ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ہانیہ عامر مداحوں کے ہاتھ نرمی سے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے اس طرزِ عمل پر شدید ردعمل دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ اداکار عوامی ملکیت نہیں ہوتے، جب کہ کچھ نے لکھا کہ خواتین کو اپنی حدود کا علم ہونا چاہیے، اگر وہ خود ہانیہ عامر کی جگہ ہوتیں تو شاید کسی کے ساتھ ایک بھی سیلفی نہ بنواتیں۔

دوسری جانب متعدد صارفین نے ہانیہ عامر کے ردعمل کو سراہا اور انہیں انتہائی باوقار اور منکسرالمزاج قرار دیا۔

صارفین کے مطابق اداکارہ نے خاموشی سے خاتون کا ہاتھ اپنی کمر سے ہٹا کر معاملے کو تحمل اور وقار کے ساتھ سنبھالا، اگر ہانیہ عامر کوئی سخت یا برا ردعمل دیتیں تو میڈیا پر انہیں ہی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا۔













لائیو ٹی وی