مہوش حیات کو اپنی ہیروئن بناؤں گا، فہد مصطفیٰ کو اچھا لگے گا، صلاح الدین تنیو
سینئر اداکار اور فہد مصطفیٰ کے والد صلاح الدین تنیو نے کہا ہے کہ اگر انہیں فلم میں بطور ہیرو کاسٹ کیا گیا اور ان سے ہیروئن سے متعلق پوچھا گیا تو وہ مہوش حیات کو ہیروئن کے طور پر لیں گے، ان کے بیٹے فہد مصطفیٰ کو اچھا لگے گا۔
صلاح الدین تنیو نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا آبائی تعلق سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے ایک گاوٌں سے ہے لیکن وہ کئی سال قبل ہی صوبائی دارالحکومت کراچی منتقل ہوگئے تھے۔
ان کے مطابق انہوں نے گاؤں میں اپنی تمام زرعی زمینیں بیچ کر کراچی میں ملکیت بنائی، ان کے گاؤں میں چوری، ڈاکہ زنی اور ڈاکو کلچر بڑھ ریا تھا، اس لیے انہوں نے گاؤں کو خیرباد کہا۔
صلاح الدین تنیو کے مطابق ان کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے، سب سے چھوٹے فہد مصطفیٰ ہیں اور وہ انہیں پیار سے سنی بلاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فہد مصطفیٰ دوسروں کے لیے سپر اسٹار ہوگا، ان کے لیے وہ سنی ہی ہیں، وہ ان سے گھر کے کام بھی کرواتے ہیں، وہ انہیں باقی بچوں سے زیادہ پیار کرتے ہیں، وہ ان کے ساتھ بستر پر آکر سوجاتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تصدیق کی کہ انہوں نے اداکاری کو خیرباد کہ دیا، اب وہ اداکاری نہیں کریں گے، انہوں نے جتنا کام کیا، وہ ٹھیک تھا، اب اداکاری اور شوبز بھی تبدیل ہوچکی ہے، اس لیے اب ان کی ضرورت بھی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کیریئر کے عروج پر ہی اداکاری چھوڑی، وہ کمبل نہیں بننا چاہتے، بہت سارے لوگ ایسے ہوں گے، جو انہیں پسند نہیں کرتے ہوں گے، اس لیے انہوں نے اداکاری کو خیرباد کہا۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ چاہتے تھے کہ فہد مصطفیٰ فارمیسی کی تعلیم مکمل کرکے ملازمت کرے، وہ نہیں چاہتے تھے کہ بیٹا اداکار بنے۔
ان کے مطابق ان کی وجہ سے فہد مصطفیٰ کا بھی اداکاری کی جانب رجحان بڑھا، انہوں نے فارمیسی کی تعلیم کے دوران ہی شادی کرلی لیکن ڈگری مکمل نہیں کی اور چوری چھپے انہوں نے اداکاری بھی شروع کردی تھی لیکن گھر والوں کو اس بات کا علم نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک دن پوچھنے پر فہد مصطفیٰ نے انہیں بتایا کہ انہیں ملازمت سے ماہانہ 25 ہزار روپے ملیں گے لیکن اب وہ یومیہ 10 ہزار روپے کماتے ہیں، جس پر بیٹے نے انکشاف کیا کہ وہ اداکاری کرتے ہیں۔
صلاح الدین تنیو نے واضح کیا کہ فہد مصطفیٰ کی اداکاری میں ان کا کوئی کردار نہیں، البتہ ان کے اداکار ہونے کی وجہ سے انڈسٹری میں آنا ان کے بیٹے کے لیے آسان ہوا، انہیں شوبز کا علم تھا۔
اسی پوڈکاسٹ کے ایک سیگمنٹ میں انہوں نے ماہرہ خان کو مشورہ دیا کہ وہ کم ہنسا کرے، عائزہ خان اور مہوش حیات کو مشورہ دیا کہ وہ زیادہ جسمانی نمائش نہ کریں جب کہ متھیرا کو انہوں نے کوئی مشورہ نہیں دیا۔
انہوں نے فیصل قریشی کو مشورہ دیا کہ وہ اچھے اداکار ہیں لیکن ٹک ٹاک نہ بنائیں، فہد مصطفیٰ کو انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ لوگوں سے عزت اور عاجزی سے پیش آنا کبھی نہ چھوڑیں۔
پروگرام کے ایک اور سیگمنٹ میں انہوں نے کہا کہ اگر انہیں کسی فلم میں ہیرو بننے کا موقع ملے اور انہیں اپنی ہیروئن منتخب کرنے کا کہا جائے تو وہ ماہرہ خان، متھیرا اور مہوش حیات میں سے مہوش حیات کو اپنی ہیروئن بنائیں گے۔
انہوں نے مہوش حیات کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ اچھی اداکارہ ہیں، انہیں بہت پسند ہے، انہیں ہیروئن لینے پر ان کے بیٹے فہد مصطفیٰ کو برا نہیں لگے گا بلکہ وہ خوش ہوں گے کہ والد کے ساتھ اچھی چیز کام کر رہی ہے۔













لائیو ٹی وی