کراچی: موم بتی بنانے والی فیکٹری میں آگ لگنے سے 5 افراد جھلس گئے، 2 گودام اور 4 گھر خاکستر
کراچی کے علاقے شیرشاہ میں موم بتی بنانے والی فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 5 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے
پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق آگ نے نہ صرف فیکٹری بلکہ قریب ہی موجود 2 گوداموں اور 4 رہائشی گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے ڈان کو بتایا کہ آگ جناح روڈ پر واقع فیکٹری میں لگی، جو تیزی سے پھیلی اور آس پاس کے گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
خوفناک آگ سے 2 بچوں اور ایک خاتون سمیت 5 افراد جھلس گئے، جنہیں سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 حسان الحسیب خان کے مطابق مذکورہ فیکٹری بنیادی طور پر موم بتی تیار کرنے کا کارخانہ تھی، جہاں سے آگ بھڑکی، انہوں نے واضح کیا کہ یہ کیمیکل گودام نہیں تھا۔
تاہم، فیکٹری میں آتش گیر مواد کی موجودگی کے باعث آگ نے شدت اختیار کی اور قریبی 4 مکانات اور کپڑے کے 2 گوداموں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حسان الحسیب کے مطابق ایک فیکٹری، 2 گودام اور چاروں مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ فیکٹری کے ایک ملازم نے فائر فائٹرز کو بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تاہم اصل وجہ جاننے کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان ریسکیو کا کہنا تھا کہ جھلسنے والے 5 افراد کے علاوہ ایک شخص عمارت کا کچھ حصہ گرنے سے زخمی بھی ہوا۔












لائیو ٹی وی