بولی وڈ ڈانسر و اداکارہ مدھومتی انتقال کر گئیں
بولی وڈ کی اولین ڈانسرز میں شمار ہونے والی رقاصہ اور معروف اداکارہ مدھومتی زائد العمری کی وجہ سے متعدد طبی پیچیدگیوں کا شکار رہنے کے بعد 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ (پی ٹی آئی) کے مطابق مشہور اداکارہ اور کلاسیکی رقاصہ مدھومتی زائد العمری کی وجہ سے ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث 16 اکتوبر کو چل بسیں۔
مدھومتی کو بھارتی سینما کی نمایاں رقاصہ کی اہمیت حاصل تھیں، انہیں ان کے شاندار رقص اور مضبوط اداکاری کی وجہ سے شہرت حاصل رہی۔
مدھومتی 1938 میں بھارتی ریاست مہاراشٹر میں پیدا ہوئیں، انہیں بچپن ہی سے رقص کا شوق تھا اور انہوں نے بھارت کے مختلف روایتی رقص سیکھے، جن میں بھرت ناٹیم، کتھک، منی پوری اور کتھکلی شامل ہیں۔
اگرچہ انہوں نے کیریئر کا آغاز اداکاری سے کیا تھا لیکن انہیں شہرت ان کے ڈانس کی وجہ سے حاصل ہوئی، انہیں بولی وڈ کی اولین ڈانسرز میں شمار کیا جاتا ہے۔
مدھومتی نے کیریئر کا آغاز تقسیم ہند کی ایک دہائی بعد 1957 میں ایک غیر ریلیز شدہ مراٹھی فلم سے کیا، بعد ازاں انہوں نے ہندی سمیت دیگر زبان کی فلموں میں بھی کام کیا۔
مدھومتی نے ’آنکھیں، ٹاور ہاؤس، شکاری اور مجھے جینے دو‘ جیسی مشہور ہندی فلموں میں یادگار کردار ادا کیے، اپنے دلکش رقص اور باوقار انداز کی وجہ سے وہ دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہوگئیں۔
مدھومتی کا شکار جہاں بولی وڈ کی اولین رقاصاؤں میں ہوتا ہے، وہیں انہیں اپنے وقت کی معروف ترین رقاصہ کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
مدھومتی کے انتقال سے بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات نے انہیں خراج تحسین پیش کیا، متعدد اداکاروں، اداکاراؤں، گلوکاروں و ڈانسرز نے ان کے ساتھ کھچوائی گئی اپنی یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔












لائیو ٹی وی