نوبیل انعام یافتہ چینی ماہر طبیعات چن نِنگ یانگ 103 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
دنیا کے معروف ترین طبیعیات دانوں میں سے ایک اور نوبیل انعام یافتہ چن نِنگ یانگ طویل علالت کے بعد بیجنگ میں 103 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔
ڈان اخبار میں شائع چین کے سرکاری خبر رساں ادارے ’شِنہوا‘ کی رپورٹ کے مطابق چن ننگ یانگ کی پیدائش 1922 میں مشرقی چین کے صوبہ آنہوئی کے شہر ہِفے میں ہوئی تھی، انہوں نے 1957 میں طبیعیات کا نوبیل انعام تسونگ ڈاؤ لی کے ساتھ مشترکہ طور پر جیتا تھا۔
وہ چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے رکن اور ممتاز تسنگ ہوا یونیورسٹی کے پروفیسر بھی تھے۔
انہیں یانگ ژین نِنگ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، انہوں نے 1940 کی دہائی میں یونیورسٹی آف شکاگو سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، وہ 1970 کی دہائی میں امریکا اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد چین کا دورہ کرنے والے پہلے چینی سائنسدان تھے۔
1999 سے یانگ تسنگ ہوا یونیورسٹی میں تدریس کے فرائض انجام دے رہے تھے، دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنے بچپن کے 8 سال بھی اسی جامعہ میں گزارے تھے، جہاں ان کے والد پروفیسر تھے۔
ہفتے کے روز تسنگ ہوا یونیورسٹی نے یانگ کی یاد میں اپنی ویب سائٹ کے رنگ سیاہ و سفید کر دیے۔
یانگ کے ایک قول کے مطابق، جو یونیورسٹی نے نقل کیا کہ ’میری زندگی ایک دائرے کی مانند رہی ہے، جہاں سے میں نے آغاز کیا، طویل سفر کیا، اور آخرکار واپس وہیں پہنچ گیا جہاں سے نکلا تھا‘۔












لائیو ٹی وی