پاکستان نے معاشی استحکام کے محاذ پر نمایاں پیش رفت حاصل کرلی ہے، وزیر خزانہ
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے معاشی استحکام کے محاذ پر نمایاں پیش رفت حاصل کرلی ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف–ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں کے دوران سی جی ٹی این امریکا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ملک کی کرنسی مستحکم ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر اتنے ہیں کہ وہ ڈھائی ماہ کی درآمدات کو باآسانی پورا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مہنگائی (افراط زر) اب سنگل ڈیجٹ میں ہے اور شرح سود (پالیسی ریٹ) آدھی کر دی گئی ہے، عالمی ریٹنگ ایجنسیاں پاکستان کی معاشی کارکردگی کے باعث ملک کی کریڈٹ آؤٹ لک میں بہتری لا چکی ہیں۔
جب چین کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پوچھا گیا تو وزیرِ خزانہ نے کہا کہ یہ ایک دیرینہ اور فولادی دوستی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کا مقصد دوطرفہ تجارت کو اگلی سطح پر لے جانا اور مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں، بشمول معدنیات، کان کنی، زراعت، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (ای ایف ایف) کے تحت دوسری جائزہ رپورٹ حال ہی میں اسلام آباد میں مکمل ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فنڈ کی انتظامیہ نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے جو کہ ٹیکس، توانائی، عوامی مالیات اور نجکاری میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر مرکوز ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ بہتر معاشی اشاریوں نے پاکستان کو 2 سال سے زائد عرصے بعد دوبارہ بین الاقوامی تجارتی منڈیوں تک رسائی فراہم کی ہے، حکومت نے حال ہی میں مشرقِ وسطیٰ کے بینکوں سے قرض حاصل کیا، اور سال کے اختتام سے قبل ملک کا پہلا پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ستمبر میں 50 کروڑ ڈالر کا یوروبانڈ کامیابی سے ادا کر دیا، اور اب وہ اپریل اگلے سال میں ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کی اگلی ادائیگی کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہے۔
نجکاری میں پیش رفت
وزیر خزانہ نے اعتراف کیا کہ ماضی میں نجکاری کے میدان میں کارکردگی کمزور رہی، مگر رواں مالی سال اس میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک چھوٹے بینک کی فروخت متحدہ عرب امارات کے ایک گروپ کو کامیابی سے مکمل کی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری بھی سال کے اختتام سے قبل مکمل ہو جائے گی۔













لائیو ٹی وی