• KHI: Sunny 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 21°C
  • ISB: Partly Cloudy 22°C
  • KHI: Sunny 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 21°C
  • ISB: Partly Cloudy 22°C

برطانوی بادشاہ اور کیتھولک پوپ کی 500 سال بعد مشترکہ عبادت

شائع October 24, 2025
برطانیہ کے بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا پارکر نے ویٹیکن کے سسٹین چیپل میں پاپ لیو کی سربراہی میں مشترکہ عبادت میں شرکت کی — فوٹو: اے ایف پی
برطانیہ کے بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا پارکر نے ویٹیکن کے سسٹین چیپل میں پاپ لیو کی سربراہی میں مشترکہ عبادت میں شرکت کی — فوٹو: اے ایف پی

برطانیہ کے بادشاہ چارلس اور پوپ لیو نے جمعرات کو ویٹیکن کے سسٹین چیپل میں ایک ساتھ دعا کی، یہ 1534 میں بادشاہ ہنری ہشتم کے روم سے علیحدگی کے بعد پہلی بار ہوا ہے کہ کسی برطانوی بادشاہ اور کیتھولک پوپ نے مشترکہ عبادت میں شرکت کی۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر تاریخی چیپل میں لاطینی نغمے اور انگریزی دعائیں گونجتی رہیں، جہاں 6 ماہ قبل دنیا بھر کے کارڈینلز نے پہلے امریکی پوپ کو کیتھولک مسیحیوں کا روحانی پیشہ منتخب کیا تھا، چیپل کی دیواروں پر مائیکل اینجلو کے بنائے گئے وہ عظیم فن پارے ہیں جن میں مسیح کو آخری فیصلے کا اعلان کرتے دکھایا گیا ہے۔

چرچ آف انگلینڈ کے سربراہ ہونے کے ناتے بادشاہ چارلس کو چیپل کے محراب کے قریب پوپ کے بائیں جانب بٹھایا گیا، جہاں پوپ لیو اور اینگلیکن آرچ بشپ اسٹیفن کاٹریل نے مشترکہ عبادت کی قیادت کی، اس موقع پر سسٹین چیپل کا مشہور گلوکار گروپ اور دو شاہی کوائر بھی شریک تھے۔

اگرچہ بادشاہ چارلس گزشتہ 3 پوپس سے ملاقات کر چکے ہیں اور پوپ جان پال دوم اور بینیڈکٹ شانز دہم برطانیہ کا دورہ بھی کر چکے ہیں، لیکن اس سے پہلے کبھی مشترکہ دعا نہیں کی گئی تھی۔

’تاریخی شفا‘

بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا ویٹیکن کے سرکاری دورے پر ہیں، جو کیتھولک چرچ اور اینگلیکن کمیونین کے درمیان پیدا ہونے والی شدید مذہبی و سیاسی تقسیم کے تقریباً 5 صدیوں بعد تعلقات میں قربت کی علامت ہے۔

ویسٹ منسٹر ایبی کے کینن تھیولوجین ریورنڈ جیمز ہاکی نے کہا کہ ’سسٹین چیپل کے اس غیر معمولی منظر میں یہ لمحہ تاریخ کی ایک قسم کی شفا کی علامت ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ایک نسل پہلے ممکن نہ ہوتا، یہ ظاہر کرتا ہے کہ گزشتہ 60 برسوں میں ہمارے چرچ کس قدر قریب آئے ہیں‘۔

سسٹین چیپل میں ہونے والی عبادت میں اینگلیکن آرچ بشپ آف یارک اسٹیفن کاٹریل نے شرکت کی، جنہوں نے سارہ ملالی کی جگہ یہ فریضہ انجام دیا، سارہ ملالی کو حال ہی میں آرچ بشپ آف کینٹربری (چرچ آف انگلینڈ کی روحانی سربراہ) کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، لیکن وہ اگلے سال عہدہ سنبھالیں گی، وہ یہ منصب سنبھالنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔

کیتھولک چرچ اور چرچ آف انگلینڈ کی باضابطہ علیحدگی 1534 میں اس وقت ہوئی تھی جب پوپ کلیمنٹ ہفتم نے بادشاہ ہنری ہشتم کی اپنی بیوی کیتھرین آف اراگون سے شادی ختم کرنے کی خواہش ماننے سے انکار کردیا تھا۔

ہنری ہشتم کی اولاد نرینہ اور نئی شادی کی خواہش اس فیصلے کی فوری وجہ تھی، لیکن اس علیحدگی کے پیچھے دیگر سیاسی اور معاشی عوامل بھی کارفرما تھے، جن میں چرچ کی جائیداد پر بادشاہ کا قبضہ اور انگلینڈ میں پروٹسٹنٹ نظریات کا پھیلاؤ شامل تھا، بعد ازاں ہنری کی بیٹیوں، مریم اوّل اور الزبتھ اوّل کے ادوار میں ملک کبھی کیتھولک تو کبھی پروٹسٹنٹ عقائد کی جانب جھکتا رہا، اور سیکڑوں افراد اپنے مذہبی عقائد کی بنا پر جلائے گئے۔

خصوصی اعزاز اور نشست

بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا نے جمعرات کی صبح پوپ لیو سے نجی ملاقات بھی کی، بعد ازاں بادشاہ روم کے تاریخی گرجا گھر ’بازیلیکہ آف سینٹ پال آؤٹسائیڈ دی والز‘ کا دورہ کریں گے، جو کیتھولک دنیا کے 4 مقدس ترین کلیساؤں میں سے ایک ہے۔

پوپ لیو نے بادشاہ کو وہاں موجود خانقاہ میں ’رائل کنفریٹر‘ یعنی ’برادرِ شاہی‘ کا خصوصی لقب دینے کی منظوری دی، بادشاہ کو ایک مخصوص نشست بھی دی جائے گی جو مستقبل میں صرف برطانوی بادشاہوں کے لیے مخصوص ہوگی، لکڑی کی یہ کرسی بادشاہ کے شاہی نشان اور جملے ’Ut unum sint‘ (تاکہ وہ ایک ہوں) سے مزین ہے۔

ویٹیکن میں اینگلیکن نمائندے بشپ انتھونی بال نے کہا کہ یہ اعزاز دونوں کلیساؤں کے مشترکہ مستقبل کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

تعلقات میں بہتری

چرچ آف انگلینڈ دنیا بھر کے 165 ممالک میں پھیلے 46 خود مختار اینگلیکن چرچز کا حصہ ہے، کیتھولک چرچ کے 1.4 ارب جبکہ اینگلیکن کمیونین کے تقریباً 8 کروڑ 50 لاکھ پیروکار ہیں، دونوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کا آغاز 1960 کی دہائی میں ہوا۔

اگرچہ دونوں مذاہب کے کئی امور پر یکساں عقائد ہیں، تاہم کیتھولک چرچ خواتین کو پادری نہیں بناتا اور عام طور پر پادریوں کی شادی کی اجازت بھی نہیں دیتا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025