شریاس تالپڑے اور الوک ناتھ کے خلاف پیسے دگنے کرکے دینے کے فراڈ کا مقدمہ دائر
معروف بولی وڈ کامیڈین شریاس تالپڑے اور سینئر اداکار الوک ناتھ کے خلاف پانچ سال میں سرمایہ کے پیسے دگنے کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کردیا گیا۔
بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق دونوں اداکاروں کے خلاف ریاست اترپردیش کے شہر بگھپت میں ایک کوآپریٹو سوسائٹی میں سرمایہ کاری کے فراڈ کے الزامات کے تحت پولیس تھانے میں مقدمہ دائر کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں اداکاروں سمیت مجموعی طور پر 22 دیگر افراد کے خلاف بھی مقدمہ دائر کیا گیا۔
دونوں اداکاروں پر الزام لگایا گیا ہے کہ دونوں اداکار ایک کوآپریٹو سوسائٹی کے برانڈ ایمبیسڈر تھے اور انہوں نے لوگوں کو سرمایہ کاری کی ترغیب دی، اداکاروں نے لالچ دیا کہ ان کے پیسے پانچ سال بعد دگنے ہوجائیں گے۔
فریاد شخصی نے الزام لگایا کہ مذکورہ فراڈ کا شکار 500 سے زائد لوگ ہوئے، جن کا مجموعی نقصان تقریبا 5 کروڑ روپے کا ہوا۔
مذکورہ منصوبے میں فراڈ کے شکار ہونے والے ایک شخص کے مطابق کوآپریٹو سوسائٹی نے لوگوں کو سرمایہ کاری کی ترغیب دی، مذکورہ سوسائٹی وزارت زراعت و تعاون کے تحت رجسٹرڈ تھی اور سوسائٹی نے وعدہ کیا تھا کہ پانچ سال میں سرمایہ کاری کے پیسے دگنے ہوجائیں گے۔
متاثرہ افراد نے پولیس کو بتایا کہ ابتدائی طور پر تو سوسائٹی کی جانب سے منافع کی ادائیگیاں وقت پر ہوئیں مگر گزشتہ ایک سال سے لوگوں کو ایک پیسہ بھی واپس نہیں ملا اور مجموعی طور پر لوگوں کے ساتھ 500 کروڑ روپے کا فراڈ ہوا ہے۔
متاثرین نے پولیس کو بتایا کہ کامیڈین اداکار شریاس تالپڑے اور الوک ناتھ مذکورہ سوسائٹی کے برانڈ ایمبیسیڈر تھے، اداکاروں کی تشہیر کی وجہ سے ہی عام لوگوں نے سوسائٹی پر بھروسا کر کے اپنی رقم لگائی۔
اداکاروں سمیت 22 افراد کے خلاف درج کیے گئے مقدمے میں دھوکا دہی اور اعتماد کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
مذکورہ کیس دونوں اداکاروں کے خلاف پہلا کیس نہیں ہے، جہاں دونوں اداکاروں کا نام سامنے آئے ہوں، رواں سال جولائی میں شریاس تالپڑے کو سپریم کورٹ سے گرفتاری سے عارضی تحفظ ملا تھا۔
رواں برس ستمبر میں الوک ناتھ کو بھی عدالت کی جانب سے اسی طرح کا ریلیف ملا تھا، دونوں اداکاروں کے خلاف اسی طرح کے کیسز اور الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔
تازہ واقعے کے بعد پولیس نے بتایا کہ فراڈ کے کیس کی تحقیقات جاری ہیں اور مالیاتی ریکارڈز کی جانچ پڑتال کے بعد ہی ایکشن لیا جائے گا۔












لائیو ٹی وی