’ایک سکے کے دو رخ‘، پیپلزپارٹی، (ن) لیگ کا آزاد کشمیر میں اپوزیشن کا کوئی ارادہ نہیں، سلمان اکرم راجا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو ’ایک ہی سکے کے دو رخ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کا کوئی ’حقیقی منصوبہ‘ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ان کا یہ بیان آزاد کشمیر میں جاری سیاسی ہلچل کے پس منظر میں آیا، جب اتوار کو 10 ارکانِ اسمبلی (عام انتخابات 2021 میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے) نے اعلان کیا کہ وہ پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، یہ جماعت آزاد کشمیر میں وزارتِ عظمی کا منصب حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے اعلان کیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے پر متفق ہو گئے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، ان کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے، ہم نہیں سمجھتے کہ (ن) لیگ حقیقی اپوزیشن کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دونوں بس اپنی اپنی باریاں لے رہے ہیں۔’
قومی اسمبلی میں ممکنہ نئے قائدِ حزبِ اختلاف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کردار سے متعلق سوال کے جواب میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ماضی کو دیکھتے ہوئے میرا نہیں خیال کہ وہ آخر میں ہمارے ساتھ ہوں گے، اور چاہے وہ پیپلزپارٹی یا (ن) لیگ کے ساتھ اتحاد بنائیں، میں کچھ نہیں کہہ سکتا، البتہ ہمارا (پی ٹی آئی کا) اس میں کوئی خاص مفاد نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہماری پوزیشن واضح ہے کہ یہ اسمبلیاں محض دکھاوا ہیں، عوام کو ان پر اعتبار نہیں رہا، لہٰذا وہ جو چاہیں کریں، جسے چاہیں اپوزیشن لیڈر بنا لیں، اب اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
آج ہی بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کے ہمراہ نیئر حسین بخاری، ہمایوں خان اور جمیل سومرو بھی موجود تھے، جبکہ جے یو آئی (ف) کی جانب سے مولانا اسد محمود نے ملاقات میں شرکت کی۔
یاد رہے کہ حالیہ سیاسی پیش رفت کے نتیجے میں 53 رکنی آزاد کشمیر اسمبلی میں پیپلزپارٹی ارکان کی تعداد 27 ہو گئی ہے، مسلم لیگ (ن) کے 9، پی ٹی آئی کے 5، جبکہ دو علاقائی جماعتوں کے ایک ایک رکن ہیں، وزیرِ اعظم آزاد کشمیر چوہدری انور الحق کی قیادت میں پی ٹی آئی کے منحرف گروپ کے ارکان کی تعداد گھٹ کر 10 رہ گئی ہے۔
آج وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ طے کیا گیا ہے کہ موجودہ آزاد کشمیر حکومت، جس کا ہم دونوں جماعتیں حصہ تھیں، مسائل حل کرنے کے بجائے بحران پیدا کرنے کا باعث بن چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب اس پر اتفاقِ رائے ہو گیا ہے کہ اس حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے، اور اس پر پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ دونوں متحد ہیں۔












لائیو ٹی وی