ڈی این اے پر تحقیق سے نپولین کی فوج کی تباہی کا سبب بنے والے جراثیم بے نقاب
یورپی ملک لیتھوینیا میں ڈی این اے پر ہونے والی ایک نئی تحقیق نے نپولین بوناپارٹ کی فوج میں ہلاکت خیز بیماریوں کا سبب بننے والے 2 جرثومے بے نقاب ہوگئے۔ْ
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق 1812 میں نپولین بوناپارٹ اور فرانسیسی فوج ’گرانڈ آرمی‘ کی روس سے واپسی ایک تباہ کن واقعہ تھا جس نے اس کی سلطنت اور یورپ میں اس کی ذاتی بالادستی کے خاتمے کی ابتدا کی، اس دوران تقریباً 5 لاکھ سپاہیوں پر مشتمل فوج میں سے لگ بھگ 3 لاکھ ہلاک ہوگئے تھے۔
لیتھوینیا کے دارالحکومت ویلنیئس میں واقع اجتماعی قبر میں مدفون 13 فرانسیسی فوجیوں کے دانتوں سے حاصل کردہ ڈی این اے پر مبنی ایک نئی تحقیق نے نپولین کی فوج ’گرانڈ آرمی‘ کی بدحالی کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دی ہے، اس تحقیق میں 2 ایسے جراثیم دریافت ہوئے ہیں جو اس تاریخی واقعے سے پہلے کبھی درج نہیں کیے گئے تھے۔
ان میں وہ جراثیم شامل ہیں جو ’پیراٹائفائیڈ بخار‘ اور ’جُوں سے پھیلنے والے ریلیپسنگ فیور‘ (بار بار آنے والا بخار) کا سبب بنتے ہیں، یہ دریافت، سابقہ تحقیق کے ساتھ مل کر ظاہر کرتی ہے کہ سردی، بھوک اور تھکن سے نڈھال فوجیوں میں متعدد بیماریاں پھیلی ہوئی تھیں۔
2001 میں دریافت ہونے والی ویلنیئس کی اس جگہ پر نپولین کی فوج کے تقریباً 2 سے 3 ہزار سپاہیوں کی باقیات موجود ہیں۔
تحقیق کے مرکزی مصنف پیرس کے انسٹی ٹیوٹ پاسچر کے ماہرِ حیاتیات اور جینیات نیکولس راسکووان نے کہا کہ ’ویلنیئس 1812 کی واپسی کے راستے میں ایک اہم مقام تھا، بہت سے سپاہی یہاں تھکے، بھوکے اور بیمار حالت میں پہنچے، بڑی تعداد میں وہیں مر گئے اور انہیں اجتماعی قبروں میں دفنا دیا گیا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اب تک سردی، بھوک اور ٹائفس کو بنیادی وجوہات سمجھا جاتا تھا، مگر ہماری تحقیق ظاہر کرتی ہے کہ پیراٹائفائیڈ بخار اور جُوں سے پھیلنے والا ریلیپسنگ فیور بھی وہاں موجود تھے اور انہوں نے کمزوری اور اموات میں اہم کردار ادا کیا‘۔
پیراٹائفائیڈ بخار عموماً آلودہ خوراک یا پانی کے ذریعے پھیلتا ہے، جس کی علامات میں بخار، سر درد، پیٹ میں درد، اسہال یا قبض، کمزوری اور کبھی کبھار خارش شامل ہیں۔
ریلیپسنگ فیور جسم پر پائی جانے والی جُوں کے ذریعے پھیلتا ہے اور اس میں بار بار تیز بخار کے ساتھ سر درد، پٹھوں کا درد اور کمزوری ہوتی ہے۔
تحقیق میں شامل 13 سپاہیوں میں سے 4 کے ڈی این اے میں پیراٹائفائیڈ بخار کے جراثیم اور 2 میں ریلیپسنگ فیور کے جراثیم پائے گئے، دونوں بیماریوں کی علامات تاریخی ریکارڈ میں بیان کردہ علامات سے مطابقت رکھتی ہیں۔












لائیو ٹی وی