کراچی: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 2 ہزار 662 الیکٹرانک چالان کر دیے گئے

شائع October 28, 2025
کراچی میں جدید ای-ٹکٹنگ سسٹم سے انسانی مداخلت اور جانبداری کا خاتمہ کیا جارہا ہے — فائل فوٹو: ڈان
کراچی میں جدید ای-ٹکٹنگ سسٹم سے انسانی مداخلت اور جانبداری کا خاتمہ کیا جارہا ہے — فائل فوٹو: ڈان

کراچی میں ای چالان کا نظام نافذ ہونے کے بعد مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، ٹریفک پولیس کی جانب سے ای چلان کے نظام کے باضابطہ افتتاح کے بعد مجموعی طور پر 2 ہزار 662 الیکٹرانک چالان جاری کیے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ اوور اسپیڈنگ پر 419، لین لائن کی خلاف ورزی پر 3، اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 4، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر ایک ہزار 532، ریڈ لائٹ کراس کرنے پر 166 چالان کیے گئے۔

اسی طرح ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے پر 507 ای چالان کیے گئے، کالے شیشے لگانے پر 7، غلط پارکنگ پر 5، نو پارکنگ زون میں گاڑی کھڑی کرنے پر 5، موبائل فون کے استعمال پر 32 ای چالان کیے گئے۔

ای چالان کے نفاذ کے بعد رانگ وے پر 3 چالان کیے گئے، ای چالان کے افتتاح کے روز سسٹم کے ٹیکنیکل امور میں مزید بہتری کے لیے کام جاری تھا، جس کے بعد مکمل طور پر ای چالان نظام فعال کردیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کہا کہ یہ نظام شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے اور مؤثر نگرانی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی تعاون سے یہ نظام مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر ہو اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان کے نظام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں اب جدید کیمروں کے ذریعے خودکار طور پر ریکارڈ ہوں گی۔

کراچی میں ای ٹکٹنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ رکشہ، گاڑی، موٹرسائیکل سمیت ہر کوئی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے، سندھ میں ڈیجیٹل شفافیت اور جدیدیت کی جانب ٹریک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ای-ٹکٹنگ سسٹم سے انسانی مداخلت اور جانبداری کا خاتمہ ہوگا، شہریوں کی بہتر خدمت اور تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت کیمروں کی تعداد 12 ہزار تک بڑھائی جائے گی، عوامی رہنمائی اور سہولت کے لیے ٹریک مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025