کراچی کو ’گندہ‘ کہنے والوں کی سوچ ’گندی‘ ہے، جویریہ سعود
اداکارہ جویریہ سعود نے ساتھی اداکارہ صبا قمر اور عفت عمر کی جانب سے سندھ کے دارالحکومت کو گندہ کہنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی ’گندہ‘ نہیں، اسے ’گندہ‘ کہنے والے افراد کی سوچ ’گندی‘ ہے۔
ایک روز قبل عفت عمر نے صبا قمر کی جانب سے کراچی کو ناپسند قرار دینے کا دفاع کرتے ہوئے سندھ کے دارالحکومت کو ’گندہ‘ قرار دیا تھا۔
عفت عمر نے ایکس پوسٹ میں کراچی کو ناپسندیدہ شہر قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ سندھ کا دارالحکومت ’گندہ شہر‘ ہے۔
ان سے قبل صبا قمر نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا تھا کہ انہیں کراچی پسند نہیں، وہ وہاں صرف کام کے لیے جاتی ہیں، کام کرکے واپس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد آجاتی ہیں۔
میزبان نے جب ان سے پوچھا کہ کیا کبھی انہوں نے مستقل بنیادوں پر کراچی منتقل ہونے کا نہیں سوچا؟ جس پر صبا قمر نے ’استغفراللہ‘ کہتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں سندھ کا دارالحکومت پسند نہیں۔
اداکارہ کی جانب سے کراچی شہر کو پسند نہ کیے جانے اور اس کے نام پر ’استغفر اللہ‘ پڑھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت اداکاروں نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا۔
اب کراچی سے تعلق رکھنے والی جویریہ سعود نے صبا قمر اور عفت عمر کا نام لیے بغیر ان کی پوسٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے اپنا رد عمل دیا ہے۔
جویریہ سعود نے اپنی انمسٹاگرام اسٹوری میں صبا قمر اور عفت عمر کی خبروں کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کراچی گندہ نہیں بلکہ اسے گندہ کہنے والے لوگوں کی سوچ گندی ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ کچھ لوگ اپنے ہی ملک کو گندہ کر رہے ہیں، شہر گندے نہیں ہوتے بلکہ لوگوں کی سوچ گندی ہوتی ہے۔
جویریہ سعود نے لکھا کہ کراچی ہو یا کوئی اور شہر، انہیں پاکستان کے ہر کونے سے پیار ہے۔













لائیو ٹی وی