کراچی میں روڈ پر کرسیاں اور ٹیبل لگانے والے 103 ہوٹل سیل کر دیے گئے
کراچی میں روڈ پر کرسیاں اور ٹیبل لگانے والے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور 30 اکتوبر تک 103 ہوٹل سیل کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ کی ہدایت پر کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں ہوٹلوں پر کارروائیاں کی گئی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے پر کی جانے والی کارروائی کے نتیجے میں 103 ہوٹلوں اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو سیل کر دیا گیا، جو عوامی مقامات پر غیر قانونی قبضہ کیے ہوئے تھے اور گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی آمدورفت میں رکاوٹ بن رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی ضلع میں 12 ہوٹل سیل کیے گئے، جن میں 2 سول لائنز، 7 گارڈن، اور 3 آرام باغ کے علاقے شامل ہیں۔
اسی طرح ضلع وسطی میں سیل کیے گئے ہوٹلوں کی تعداد 46 ہے، جن میں 25 گلبرگ، 8 لیاقت آباد، 8 ناظم آباد اور 5 نارتھ ناظم آباد میں واقع ہیں۔
مزید بتایا کہ ضلع شرقی میں 21 ہوٹل سیل کیے گئے، جبکہ ضلع کورنگی کو دیکھا جائے تو لانڈھی میں 9، کورنگی میں 2 جبکہ 8 ہوٹل ماڈل کالونی اور دیگر علاقوں میں سیل کیے گئے۔
چیف سیکریٹری سندھ کے مطابق یہ فیصلہ کن کارروائی عوامی سہولت کو یقینی بنانے، شہریوں کے راستے بحال کرنے اور شہر کی مصروف سڑکوں اور گلیوں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے کی گئی۔
انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی تجارتی ادارے کو پبلک پراپرٹی کو کاروباری سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور بلدیاتی و ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ عوامی مقامات شہریوں کی ملکیت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی غیر قانونی تجاوزات نہ صرف ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالتی ہیں بلکہ حفاظتی اور صفائی کے حوالے سے بھی سنگین مسائل پیدا کرتی ہیں۔
انہوں نے تمام انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ وہ مستقل نگرانی برقرار رکھیں اور اسی نوعیت کی کارروائیاں جاری رکھیں تاکہ کراچی صاف، منظم اور عوامی مقامات کے غیر قانونی قبضوں سے پاک رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مقامات کو تجاوزات سے آزاد کرانے، شہری انتظام بہتر بنانے اور شہریوں کو سڑکوں اور فٹ پاتھوں کا آزادانہ استعمال یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہوٹلوں اور کھانوں کے مراکز کے خلاف جاری مہم، جو سڑکوں پر کرسیاں اور میزیں لگاتے ہیں، ایک وسیع تر اقدام کا حصہ ہے جس کا مقصد شہری نظم و ضبط کو بہتر بنانا اور صوبے بھر میں ایک باقاعدہ شہری ماحول کو فروغ دینا ہے۔












لائیو ٹی وی