صحافی نعیم کے صبا قمر پر سنگین الزامات، اداکارہ نے قانونی کارروائی کا اعلان کردیا

شائع November 3, 2025
— فوٹو: ریویو پی کے
— فوٹو: ریویو پی کے

صحافی نعیم حنیف نے اداکارہ صبا قمر پر ان کے ماضی سے متعلق سنگین الزامات عائد کیے، جنہیں اداکارہ نے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر قانونی کارروائی کریں گی۔

گزشتہ روز ’آر این این ٹی وی‘ کے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں صحافی نعیم حنیف نے صبا قمر کے کراچی سے متعلق بیان پر تفصیلی ردعمل دیا۔

انہوں نے کہا کہ اداکارہ کا حق ہے کہ وہ کسی شہر کو پسند یا ناپسند کر سکتی ہیں اور موجودہ دور میں ہر شخص کو اتنی آزادی حاصل ہونی چاہیے۔

تاہم، نعیم حنیف نے صبا قمر پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ انہیں ابتدا سے یہ عادت رہی ہے کہ اگر کوئی شخص انہیں کسی بھی شہر میں گھر فراہم کر دے تو وہ وہاں رہنے پر آمادہ ہوجاتی ہیں۔

انہوں نے صبا قمر کے حالیہ انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اداکارہ نے خود کہا تھا کہ اگر کوئی انہیں کراچی میں گھر بنا دے یا خرید کر دے تو وہ وہاں بھی رہنے پر راضی ہوجائیں گی۔

صحافی کے مطابق جب وہ میڈیا ادارے ’جنگ‘ سے وابستہ تھے، اس وقت یعنی 2003 سے 2004 کے دوران صبا قمر لاہور کے والٹن روڈ پر ایک ایسے شخص کے فراہم کردہ گھر میں مقیم تھیں، جس کے ساتھ ان کا تعلق تھا لیکن ان کی شادی نہیں ہوئی تھی۔

نعیم حنیف نے دعویٰ کیا کہ صبا قمر نے اس شخص کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے، جس کے بعد وہ شخص انہیں ہراساں کرنے لگا۔

ان کے مطابق صبا قمر اس ہراسانی کی شکایت لے کر ’جنگ‘ کے دفتر آئیں، جہاں ان کی اداکارہ سے پہلی ملاقات ہوئی، اس موقع پر صبا قمر نے جنگ کے عدالتی رپورٹر ریاض شاکر کو اپنی شکایت سے آگاہ کیا، جس پر ادارے نے بطورِ تنظیم ان کی مدد کی۔

نعیم حنیف نے مزید بتایا کہ اُس زمانے میں دیگر افراد بھی مختلف نوعیت کی شکایات لے کر جنگ کے دفتر آیا کرتے تھے، جن میں اداکارہ نتاشا علی بھی شامل تھیں، جو غالباً کسی پروڈیوسر کی جانب سے پریشانی کا سامنا کر رہی تھیں۔

صحافی نعیم حنیف کی جانب سے عائد کیے گئے ان سنگین الزامات کے بعد صبا قمر نے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر نعیم حنیف کی ویڈیو کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کسی پر جھوٹے الزامات لگانا ایک سنگین جرم ہے، وہ کبھی والٹن میں نہیں رہیں اور نہ ہی انہوں نے وہ کچھ کیا جس کا صحافی نے دعویٰ کیا ہے۔

صبا قمر نے ان الزامات کو بے بنیاد اور توہین آمیز قرار دیتے ہوئے واضح اعلان کیا کہ وہ اس معاملے پر نعیم حنیف کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 11 نومبر 2025
کارٹون : 10 نومبر 2025