• KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C
  • KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C

لاہور ہائیکورٹ: یوٹیوبر ڈکی بھائی کی درخواست ضمانت پر این سی سی آئی اے کو نوٹس جاری

شائع November 3, 2025
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

لاہور ہائیکورٹ نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیے، یہ کیس ان کے یوٹیوب چینل پر غیر قانونی جوئے کی ایپس کے فروغ سے متعلق ہے۔

لاہور ہائیکورٹ جسٹس فاروق حیدر نے درخواست ضمانت پر سماعت کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سعد الرحمٰن کو گرفتار کرنے سے قبل غیر قانونی ایپس کے فروغ سے متعلق تحقیقات میں پیش ہونے کے لیے کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا تھا۔

درخواست میں کہا گیا کہ وہ ایک ایونٹ کے لیے ملک سے باہر جا رہے تھے، جب انہیں 17 اگست کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے این سی سی آئی اے نے گرفتار کیا۔

یوٹیوبر کے خلاف مقدمہ ریاست کی جانب سے این سی سی آئی اے لاہور کے ذریعے درج کیا گیا، جس میں ان پر الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون 2016 کی دفعات 13 (الیکٹرانک جعلسازی)، 14 (الیکٹرانک فراڈ)، 25 (اسپامنگ)، اور 26 (اسپوفنگ) کے علاوہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات بی-294 (تجارتی مقاصد کے لیے انعام کی پیشکش) اور 420 (دھوکا دہی اور جائیداد کی فراہمی کے لیے بدنیتی سے عمل کرنا) شامل ہیں۔

ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا کہ عوام نے اپنی محنت کی کمائی ان ایپس میں لگائی اور مالی نقصان اٹھایا، اس میں سعد الرحمٰن پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے مختلف جوئے اور بیٹنگ ایپس (1xBet، Bet365، B9 Game اور Binomo )کی تشہیر اپنے یوٹیوب چینل پر کی، اور ان میں سے ایک کے لیے وہ بطور ’ کنٹری منیجر’ کام کر رہے تھے۔

درخواست میں کہا گیا کہ سعد الرحمٰن کو گرفتاری کے بعد 22 دن کے لیے ایجنسی کے ریمانڈ پر رکھا گیا اور ان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں، تاہم ان کے ساتھ گرفتار کیے گئے دو دیگر افراد، سبحان شریف اور اسد ندیم مغل، کو بعد میں رہا کر دیا گیا۔

درخواست میں عدالت سے سعد الرحمٰن کو ضمانت دینے کی استدعا کی گئی۔

جسٹس فاروق حیدر نے این سی سی آئی اے کو ہدایت کی کہ وہ کیس میں اپنے دلائل جمع کرائے۔

یوٹیوبر کی قانونی ٹیم نے 30 اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی، جبکہ اس سے قبل ان کی اسی نوعیت کی درخواستیں 22 ستمبر اور 2 اکتوبر کو بالترتیب ایک جوڈیشل مجسٹریٹ اور ایڈیشنل سیشن جج نے مسترد کر دی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025