ازبکستان ایئر ویز نے پاکستان کے لیے پروازوں کی تعداد دوگنی کر دی

شائع November 4, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد میں ازبکستان کے سفارتخانے نے اعلان کیا ہے کہ ازبکستان ایئر ویز نے پاکستان کے لیے اپنی پروازوں کی تعداد دوگنی کر دی ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سفری روابط کو مزید بہتر بنانا اور مسافروں کے لیے سہولت میں اضافہ کرنا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پیر کے روز اسلام آباد میں ازبکستان کے سفارتخانے نے پاکستان کے لیے اپنی پروازوں میں توسیع کا اعلان کیا، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان رابطہ بہتر ہوگا اور اسلام آباد سے تاشقند تک کا سفر صرف دو گھنٹے میں طے کیا جا سکے گا۔

سفارتخانے کے ایک اہلکار نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ براہِ راست پروازوں نے سفر کا وقت نمایاں طور پر کم کر دیا ہے، خاص طور پر جب دبئی میں رکنے کی ضرورت ختم ہو گئی ہے۔

ازبکستان جمہوریہ کی قومی فضائی کمپنی ازبکستان ایئر ویز اب ازبکستان اور پاکستان کے درمیان ہفتہ وار چار پروازیں چلا رہی ہے، اس طرح تاشقند سے اسلام آباد سروس کی پروازوں کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے، جب کہ تاشقند سے لاہور کی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔

ازبکستان ایئر ویز کے مطابق پروازوں میں اضافہ مسافروں کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث کیا گیا ہے، کیونکہ اسلام آباد جانے والی پچھلی پروازیں اکثر مکمل بُک ہو جاتی تھیں اور ٹکٹ کئی دن پہلے ہی فروخت ہو جاتے تھے۔

تاشقند سے اسلام آباد کی پروازیں ہر منگل اور ہفتے کو چلتی ہیں، جب کہ تاشقند سے لاہور کی پروازیں ہر بدھ اور جمعے کو روانہ ہوتی ہیں۔

سفارتخانے نے کہا کہ اس توسیع کے ساتھ ازبکستان ایئر ویز نے وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان ایک اہم پل کے طور پر اپنا کردار مضبوط کر لیا ہے، جو پاکستانی مسافروں کو دنیا بھر کے مقامات تک بہتر سہولت، انتخاب اور رابطہ فراہم کرتا ہے۔

تاشقند سے اسلام آباد تک پرواز تقریباً دو گھنٹے میں مکمل ہوتی ہے، جو دونوں دارالحکومتوں کے درمیان ایک تیز اور مؤثر فضائی رابطہ فراہم کرتی ہے، ون وے کرایہ تقریباً 200 ڈالر سے شروع ہوتا ہے، جب کہ ریٹرن ٹکٹ 400 ڈالر سے دستیاب ہیں، جو اسے کاروبار، تعلیم اور سیاحت کے لیے ایک کم لاگت اور وقت بچانے والا راستہ بناتا ہے۔

سفارتخانے نے مزید بتایا کہ تاشقند سے لاہور کا راستہ بھی اتنا ہی مقبول ہے، جس میں ایک طرف کا کرایہ تقریباً 200 ڈالر اور آنے جانے کا کرایہ 400 ڈالر سے شروع ہوتا ہے، تمام پروازیں جدید اور آرام دہ طیاروں پر چلتی ہیں، جہاں مسافروں کو بہترین سروس، تربیت یافتہ عملہ اور اعلیٰ حفاظتی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

تاشقند انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جو ایئرلائن کا مرکزی مرکز ہے، یورپ اور ایشیا کے سنگم پر واقع ہے، جہاں سے مسافروں کو آسان کنکشنز اور آرام دہ سفر کی سہولت ملتی ہے۔

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان براہِ راست پروازوں کے علاوہ یہ ہوائی اڈہ ایک اہم ٹرانزٹ پوائنٹ کے طور پر بھی کام کرتا ہے، جو مسافروں کو یورپ، شمالی امریکا، مشرقِ وسطیٰ، مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیا کے 50 سے زائد بین الاقوامی شہروں سے جوڑتا ہے۔

تاشقند کے راستے سفر کرنے والے مسافر استنبول، فرینکفرٹ، پیرس، لندن، نیویارک، ماسکو، دبئی، ٹوکیو، سیول، کوالالمپور، باکو، آستانہ، باتومی اور دیگر بڑے شہروں تک آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔

سفارتخانے کے مطابق ازبکستان ایئر ویز کا یہ وسیع نیٹ ورک پاکستانی مسافروں کے لیے ایک پسندیدہ انتخاب بنتا جا رہا ہے، کیونکہ یہ علاقائی اور طویل فاصلے کی پروازوں میں مناسب قیمت، آرام دہ سفر اور بہترین سہولتوں کا مجموعہ فراہم کرتا ہے۔

سفارتخانے نے مزید کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان صدیوں پرانے تاریخی، ثقافتی اور روحانی تعلقات ہیں، جو شاہراہِ ریشم اور اسلامی تہذیب کے مشترکہ ورثے سے وابستہ ہیں، بڑھتی ہوئی فضائی سہولتیں دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاحت، تجارت اور عوامی روابط کو مزید فروغ دیں گی۔

پاکستانی سیاحوں کے لیے ازبکستان شاہراہِ ریشم کے تاریخی شہروں سمرقند، بخارا، خیوا اور کوکانڈ کی سیر کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

سفارتخانے کے مطابق ازبک سیاح بھی پاکستان کے خوبصورت مناظر، تاریخی مقامات اور مشہور مہمان نوازی سے بے حد متاثر ہیں۔

بہتر فضائی رابطے دونوں ممالک کے درمیان کمپنیوں، طلبہ اور خاندانوں کے میل جول کو آسان بنائیں گے، جب کہ باہمی سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 7 نومبر 2025
کارٹون : 6 نومبر 2025