سمیع خان نے شوٹنگ کے دوران جھلسنے سے بال بال بچنے کا انکشاف کر دیا

شائع November 4, 2025
—فوٹو: اسکرین گریب
—فوٹو: اسکرین گریب

اداکار سمیع خان نے ماضی میں فلم کی شوٹنگ کے دوران جھلسنے سے بال بال بچنے کا انکشاف کر دیا۔

سمیع خان نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے چند دلچسپ اور حیران کن واقعات شیئر کیے۔

اداکار نے بتایا کہ ایک موقع پر اداکار و ہدایتکار معمر رانا کی فلم کی شوٹنگ کے دوران وہ حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچے تھے۔

ان کے مطابق رات کے وقت ایک کھنڈر میں فلم کے گانے کی شوٹنگ جاری تھی اور ایک منظر میں انہیں ہاتھ پھیلانے کا سین دینا تھا، جب کہ پیچھے سے آگ کا شعلہ دکھایا جانا تھا۔

اداکار نے کہا کہ چونکہ وہ اس وقت نوجوان تھے اور باڈی دکھانے کا شوق بھی رکھتے تھے، اس لیے تیل لگا کر شوٹنگ کے لیے تیار ہوگئے، لیکن جیسے ہی سین شروع ہوا تو آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ انہیں شدید تپش محسوس ہوئی اور وہ فوراً پیچھے ہٹ گئے۔

“ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ٹیم کے افراد نے ان سے وجہ پوچھی، تو انہوں نے بتایا کہ آگ کی گرمی ناقابلِ برداشت تھی، اس کے بعد پانچ منٹ تک میک اپ آرٹسٹ نے ان کے ہاتھ پر اسپرے کیا، جس کے بعد وہ دوبارہ شوٹنگ مکمل کروا سکے۔

اسی انٹرویو میں سمیع خان نے ایک اور واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اداکارہ جاناں ملک کے ساتھ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کررہے تھے جس میں ان کا رومانوی تعلق ختم ہونے کا سین تھا۔

شوٹنگ کے دوران میز پر موم بتی رکھی ہوئی تھی، تو انہوں نے تجویز دی کہ سین میں حقیقت پیدا کرنے کے لیے کیوں نہ وہ جلتی ہوئی موم بتی پر ہاتھ رکھ لیں۔

اداکار کے مطابق سب نے اس تجویز کو پسند کیا، مگر جیسے ہی انہوں نے موم بتی پر ہاتھ رکھا تو ان کا ہاتھ بری طرح جل گیا۔

سمیع خان نے کہا کہ اس دن انہیں یہ سبق ملا کہ کام کرتے وقت جذباتی نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہر منظر کو پیشہ ورانہ انداز میں کرنا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 11 نومبر 2025
کارٹون : 10 نومبر 2025