کراچی: گلبرگ میں شوہر نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی
کراچی کے علاقے گلبرگ میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی، جوڑے کا تعلق بہاولپور سے تھا اور ان کے 5 بچے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ گلبرگ کے علاقے رحمٰن آباد کے بلاک 5 میں محمدی مسجد کے قریب واقع ایک گھر میں 35 سالہ خدا بخش نے اپنی 30 سالہ بیوی یاسمین کو چاقو کے وار سے قتل کیا اور بعد ازاں پھندا لگا کر اپنی جان لے لی۔
ایس ایس پی ضلع وسطی ذیشان شفیق صدیقی نے ابتدائی طور پر ’گھریلو جھگڑے‘ کو اس افسوسناک واقعے کی ممکنہ وجہ قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے وقت گھر میں کوئی دوسرا شخص موجود نہیں تھا اور گھر کا دروازہ اندر سے بند تھا، پولیس کو جب ایک مرد اور عورت کی ہلاکت کی اطلاع ملی تو فوراً موقع پر پہنچ گئی۔
تفتیش کاروں نے شواہد اکٹھے کر لیے جبکہ پولیس کے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ خدا بخش نے گھریلو جھگڑے کے باعث اپنی بیوی کو قتل کیا اور بعد میں خودکشی کر لی، لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق میاں بیوی پنجاب کے ضلع بہاولپور کے رہائشی تھے اور ان کے پانچ بچے تھے۔













لائیو ٹی وی