خواتین کی مالی خودمختاری بہت ضروری ہے، اس سے انہیں طاقت ملتی ہے، ثانیہ سعید

شائع November 5, 2025
—فوٹو: اسکرین گریب
—فوٹو: اسکرین گریب

سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے خواتین کی اہمیت اور خودمختاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی مالی خودمختاری بہت ضروری ہے، کیونکہ اس سے انہیں فیصلہ سازی اور زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کی طاقت ملتی ہے۔

ثانیہ سعید نے حال ہی میں ’فیسز آف پاکستان‘ کے پوڈکاسٹ میں اپنی باتیں شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور خواتین کی مالی خودمختاری پر اہم خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے خواتین کی مالی خودمختاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے خود مختار ہونا بہت ضروری ہے، کیونکہ یہی وہ طاقت ہے جو انہیں فیصلہ سازی اور زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے میں مدد دیتی ہے۔

ان کے مطابق جب خواتین مالی طور پر خودمختار ہوتی ہیں، تو وہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ اپنے خاندان کے لیے بھی بہتر فیصلے کر سکتی ہیں۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ معاشرے میں خواتین کو مکمل اور فعال انسان کے طور پر تسلیم کرنا چاہیے اور ان کی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال ہونا چاہیے۔

انہوں نے مثال کے طور پر افغانستان کا ذکر کیا، جہاں خواتین کی کامیابی کی راہ میں رکاوٹیں ہیں، خاص طور پر خواتین ڈاکٹرز کی کمی محسوس کی جاتی ہے۔

اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں پابندیاں بہت زیادہ ہیں، اسی لیے بہت سی باتیں کھل کر نہ تو کہی جا سکتی ہیں اور نہ ہی کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے خاص طور پر ڈراموں کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ زیادہ تر ڈرامے ڈرائنگ روم تک ہی محدود رہتے ہیں اور ہمیں مذہب، سیاست اور معاشرتی مسائل جیسے کئی اہم موضوعات پر بات کرنے کی اجازت نہیں۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صرف لائکس اور فالوورز کے لیے غلط یا سنسنی خیز معلومات نہ پھیلائیں۔

انہوں نے کہا کہ انفلوئنسرز کو کسی بھی موضوع پر بات کرنے سے پہلے مکمل تحقیق کرنی چاہیے، کیونکہ اب ہر کسی کی رسائی اس پلیٹ فارم تک ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2025
کارٹون : 13 نومبر 2025