جَل بینڈ کے سابق گلوکار فرحان سعید کا پہلا سولو البم ریلیز کے لیے تیار
گلوکار و اداکار فرحان سعید نے 21 سالہ موسیقی کے سفر کے بعد اپنا پہلا سولو البم ’خط‘ ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔
سابق ’جَل‘ بینڈ کے مرکزی گلوکار نے اس منصوبے کو فنکار عمیر فیاض کی تخلیق کردہ خوبصورت تصویروں کے ساتھ متعارف کروایا، البم کے ہر گانے کے لیے ایک الگ آرٹ ورک تیار کیا گیا ہے جو نوٹ بک کے انداز میں بنائے گئے کینوس پر خاکوں اور پینٹنگز کی شکل میں ہیں۔
فرحان سعید نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں بتایا کہ ان کا سولو البم ’خط‘ 14 نومبر کو ریلیز ہوگا، جسے وہ اپنے دل سے سامعین کے دل تک ایک خط قرار دیتے ہیں، یہ البم ان کی موسیقی کی دنیا میں واپسی کی علامت ہے، جسے وارنر میوزک اور سائلنٹ روار کے عالمی نیٹ ورک کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔
اردو اور پنجابی زبانوں میں تیار کیے گئے اس البم میں 10 گانے شامل ہیں، جن میں سے چار گانوں کی میوزک ویڈیوز بھی ریلیز کی جائیں گی۔
گانوں کی فہرست میں ’خط‘، ’بے پرواہ‘، ’پھول گلاب دا‘، ’منظر‘، ’میری ماں‘، ’جا وے ماہیا‘، ’امیر بن جاؤں‘، ’تیرے نال‘، ’یہ کیا ہو گیا‘ اور ’نہ کر مجبور‘ شامل ہیں۔
ورائٹی سے گفتگو کرتے ہوئے فرحان سعید نے کہا کہ موسیقی ہمیشہ سے ان کی زندگی کا اہم حصہ رہی ہے۔
ان کے مطابق خوش قسمتی سے سامعین نے ہمیشہ ان کے گانوں کے ذریعے ان کے احساسات کو سمجھا اور اس سے جڑے۔ یہ البم ان کے مداحوں کی مستقل محبت سے متاثر ہے اور واقعی ان کے دل سے سامعین کے دل تک ایک خط ہے۔
کئی مشہور گانے دینے کے بعد ’تھوڑی دیر‘ کے گلوکار اب بین الاقوامی سطح پر قدم رکھ رہے ہیں اور وارنر میوزک کے ساتھ ان کا یہ البم ان کے کیریئر کا ایک اہم باب ثابت ہونے کی توقع ہے۔













لائیو ٹی وی