احد رضا میر اور سجل علی کی ویب سیریز ’دھوپ کی دیوار‘ یوٹیوب پر ریلیز

شائع November 5, 2025

مقبول اداکار احد رضا میر اور سجل علی کی اداکاری پر مبنی پاکستانی لکھاری عمیرہ احمد کی بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ کے لیے لکھی گئی ویب سیریز ’دھوپ کی دیوار‘ یوٹیوب پر ریلیز کردی گئی۔

ویب سیریز کو ابتدائی طور پر 2021 میں ’زی فائیو‘ کے چینل ’زندگی‘ پر ریلیز کیا گیا تھا لیکن اب اسے ’زندگی‘ کے یوٹیوب پر بھی ریلیز کردیا گیا۔

یوٹیوب پر 4 نومبر کو ویب سیریز کی پہلی قسط ریلیز کی گئی اور اسے چند ہی گھنٹوں میں ہزاروں افراد نے دیکھا۔

ویب سیریز میں احد رضا میر نے بھارتی جب کہ سجل علی نے پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے اور دونوں کا تعلق فوجی خاندانوں سے دکھایا گیا ہے۔

ویب سیریز میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیوں پر شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندان کے درد کو سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور وہاں 2019 میں ہونے والے پلوامہ حملے کے تناظر میں بنائی جانے والی ویب سیریز کی کہانی پر 2021 میں بھی تنازع سامنے آیا تھا اور شائقین نے اس وقت لکھاری سمیت ٹیم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

معروف ڈراما اور ناول نگار عمیرہ احمد کی تحریر کردہ کہانی پر بنی ویب سیریز ’دھوپ کی دیوار‘ کی ہدایات حسیب حسن نے دی ہیں۔

اس میں سجل علی، احد رضا میر، منظر صہبائی، زیب رحمٰن، سامعہ ممتاز، سویرا ندیم، ثمینہ احمد اور زارا ترین سمیت دیگر اداکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

ویب سیریز کی شوٹنگ پاکستان میں ہی کی گئی تھی اور اس کی کاسٹ سمیت اس کی لکھاری اور ہدایت کار بھی پاکستانی ہی ہیں لیکن اسے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ کے لیے بنایا گیا تھا اور اسے اب یوٹیوب پر بھی جاری کردیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2025
کارٹون : 13 نومبر 2025