خلیل الرحمٰن قمر کو نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی، ڈیڑھ کروڑ تاوان کا مطالبہ

شائع November 5, 2025
— فوٹو: اسکرین گریب
— فوٹو: اسکرین گریب

معروف ڈرامہ نویس وہدایت کار خلیل الرحمٰن قمر کو نامعلوم شخص نے نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے ڈیڑھ کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق خلیل الرحمٰن قمر کو نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی پر درج مقدمہ سامنے آگیا، مقدمہ خلیل الرحمٰن قمرکی مدعیت میں لاہور کے رائے ونڈ تھانے میں درج کیا گیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق نامعلوم کالر نے خلیل الرحمٰن قمر کو بار بار کالز اور میسیجز کیے جس میں ڈرامہ نویس و ہدایت کار سے ڈیڑھ کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا جب کہ تاوان نہ دینے پر آمنہ عروج کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دی گئی۔

دوسری جانب، رائے ونڈ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔

خیال رہے کہ جولائی 2024 میں آمنہ عروج کی سربراہی میں ایک گینگ نے ڈراما بنانے کے بہانے خلیل الرحمٰن قمر کو بلانے کے بعد اغوا کرکے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور ان سے نقدی رقم اور سامان بھی لوٹ لیا تھا۔

خلیل الرحمٰن قمر کو اغوا کیے جانے کے بعد پولیس نے مقدمہ دائر کرتے ہوئے ان کے اغوا میں ملوث مرکزی ملزمہ خاتون آمنہ عروج سمیت دیگر افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔

بعد ازاں، ڈراما ساز کی آمنہ عروج کے ساتھ نازیبا ویڈیوز بھی لیک ہوئی تھیں اور پولیس نے اس پر بھی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔

14 اپریل 2025 کو عدالت نے مرکزی ملزمہ آمنہ عروج سمیت 3 ملزمان کو ترتیب وار 7،7 سال قید کی سزا سنائی، جب کہ مقدمے کے دیگر ملزمان کو بری کر دیا، ہنی ٹریپ کیس کا محض ایک ملزم ضمانت پر رہا ہے۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد جاوید نے فیصلہ سنایا، عدالت نے ملزمہ آمنہ عروج، ممنون حیدر اور ذیشان کو 7، 7 سال قید کی سزا سنا دی۔

کارٹون

کارٹون : 9 نومبر 2025
کارٹون : 8 نومبر 2025