27 ویں ترمیم آئین کی روح کیخلاف، اس سے وفاق کو بھی خطرہ ہے، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم آئین کی روح کے خلاف ہے، اس سے وفاق کو خطرہ ہے، ہم اپنا رسپانس پارلیمنٹ میں دیں گے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آئینی ترمیم اس طریقے سے نہیں ہوتی، نہ ہمارےساتھ کوئی رابطہ ہوانہ 27 ویں ترمیم کا مسودہ شیئر ہوا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم آئین کی روح کے مخالف ہے ، اس آئینی ترمیم سے قوم کو مزید تقسیم نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پاس 56 ہزار کیسز زیر التوا ہیں، کہاں گئے وہ سینئر ججز جنہوں نے یہ کیسز نمٹانے تھے، بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھ کر کہہ رہا ہے کہ عوام کی خاطر جیل میں بیٹھا ہوں، بانی پی ٹی آئی آئین وقانون کی بالادستی کیلئے جیل میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم سے وفاق کو خطرہ ہے، حکومت وفاق کا اسٹرکچرخطرے میں ڈالنا چاہتی ہے، صوبے انتظارکررہے ہیں کہ 11واں این ایف سی ایوارڈ کب آئے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بعض لوگوں کو زیادہ اختیار دینا وفاق کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا، 27ویں ترمیم سے این ایف سی میں صوبوں کاشیئرکم کرنے کا پلان ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس آئین میں ترمیم کاکوئی اخلاقی جواز نہیں، دنیابھر میں آئین میں ترامیم اتفاق رائے سے کی جاتی ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم لانا قوم کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے، حکومت مہربانی کرکے اپنی مدت کے دن پورے کرے۔
پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں اور کالجز کے کنٹرول کی نہیں بلکہ نصاب کی بات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام چیزیں اتحادیوں کی مشاورت سے طے ہوں گی، کیا پاکستان میں یکساں نظام تعلیم کی ضرورت نہیں ہے، آبادی اس وقت پاکستان کا بہت بڑا چیلنج ہے، این ایف سی پر بھی مشاورت سے بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آئے اور کمیٹیوں میں کردار ادا کرے، ستائیسویں آئینی ترمیم کو متنازع بنانے کی کوشش کی مذمت کرتا ہوں، آپ بتائیں خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف آپ کی پالیسی کیا ہے، افغان طالبان سے مطالبہ ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی حمایت چھوڑ دیں، ہم پر امید ہیں کہ افغانستان کے بات چیت کامیاب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا ایک طریقہ کار ہے، جیل مینوئل میں تمام تفصیل موجود ہے، خیبرپختونخوا میں اپنا قبلہ درست فرمائیں، آپ کے بیانات ریاست کے خلاف ہیں۔













لائیو ٹی وی