گھبراہٹ کے باعث ایوارڈ شو میں ڈانس کے دوران سانس لینے میں دشواری ہوئی، رمشا خان
اداکارہ رمشا خان نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں ہونے والے ہم ایوارڈز میں پرفارمنس کے لیے انہوں نے بھرپور اور مکمل تیاری کی تھی لیکن پرفارمنس کرتے وقت 8 ہزار لوگوں کو پنڈال میں دیکھ کر وہ گھبراہٹ کا شکار ہوگئیں اور ڈانس کرنے کے دوران انہیں سانس لینے میں دشواری پیش آئی۔
رمشا خان نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں اسٹیج سمیت لوگوں کے سامنے پرفارمنس کرنے پر گھبراہٹ کے سوال پر اعتراف کیا کہ انہیں بھی گھبراہٹ ہوتی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی اداکار یہ نہیں کہے گا کہ ان کے ساتھی اداکار اچھے نیہں تھے لیکن وہ خوش قسمت رہی ہیں کہ انہوں نے جب بھی اداکاروں کے ساتھ کام کیا، وہ سب اچھے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے جتنے بھی ساتھی مرد اداکار تھے یا پھر ڈراموں میں ان کی ماؤں کا کردار ادا کرنے والی تمام اداکارائیں اچھی تھیں اور ان کے سب کے ساتھ بہتر تعلقات رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ بھی بعض مرتبہ پرفارمنس کرنے کے دوران گھبراہٹ کا شکار ہوجاتی ہیں اور ایسا متعدد بار ہوا ہے۔
انہوں نے مثال دی کہ حال ہی میں امریکا میں ہونے والے ہم ایوارڈز میں پرفارمنس کے لیے انہوں نے بھرپور اور مکمل تیاری کی تھی لیکن اس باوجود وہ اسٹیج پر گھبرا گئیں۔
رمشا خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈانس ریہرسل بھی کی لیکن ایوارڈز تقریب میں 8 ہزار لوگ دیکھ کر انہیں گھبراہٹ ہوگئی اور ان سے ٹھیک طرح سے پرفارمنس نہیں ہو پا رہی تھی۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے ساتھی اداکار شجاع اسد کے ساتھ ڈانس کرتے وقت انہیں بتایا کہ انہیں سانس لینے میں مشکل ہو رہی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ گھبراہٹ کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں مشکل ہو رہی تھی جب کہ بعض اوقات پرفارمنس کرتے وقت ان کے ہاتھ بھی پریشانی میں کانپنے لگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ان کی گھبراہٹ یا پریشانی کو دوسرے لوگ محسوس نہیں کرپاتے لیکن وہ جیسے ہی پرفارمنس کرتی ہیں تو ان کے ہاتھ کانپنے لگتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ایسا دوسرے اداکاروں کے ساتھ بھی ہوتا ہوگا۔
خیال رہے کہ اکتوبر 2025 میں رمشا خان نے امریکا میں ہونے والے ہم ایوارڈز میں شجاع اسد کے ساتھ ڈانس پرفارمنس کرکے میلہ لوٹا تھا اور شائقین نے ان کی پرفارمنس کی تعریفیں بھی کی تھیں۔













لائیو ٹی وی