ترکیہ کے صنعتی شہر دیلوواسی میں پرفیوم کے گودام میں آتشزدگی، 6 افراد جاں بحق

شائع November 9, 2025
دیلوواسی استنبول سے 70 کلومیٹر کے فاصلے پر صنعتی شہر ہے جہاں درجنوں گودام اور فیکٹریاں قائم ہیں۔
—فوٹو: اے ایف پی
دیلوواسی استنبول سے 70 کلومیٹر کے فاصلے پر صنعتی شہر ہے جہاں درجنوں گودام اور فیکٹریاں قائم ہیں۔ —فوٹو: اے ایف پی

ترکیہ کے شمال مغربی صنعتی شہر دیلوواسی میں عطر (پرفیوم) کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔

ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ کوجائیلی کے گورنر الہامی آکتاش نے سرکاری نشریاتی ادارے ’ٹی آر ٹی حیبر‘ کو بتایا کہ فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیموں اور میونسپل عملے نے آگ پر قابو پا لیا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے 6 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، گورنر آکتاش کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت جھلسنے کی وجہ سے تشویش ناک ہے، اور آگ ہفتے کی صبح 9 بجے لگی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ باقی 4 زخمیوں کی حالت نسبتاً بہتر ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔

آکتاش نے بتایا کہ آگ کو تیزی سے قابو میں لا کر بجھا دیا گیا اور آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ابتدائی میڈیا رپورٹس میں 2 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔

ترک چینل ’این ٹی یو‘ کی نشر کردہ تصاویر میں دکھایا گیا کہ عمارت کی دو منزلیں، جو گودام کے طور پر استعمال ہو رہی تھیں، آگ سے مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔

ایک عینی شاہد نے این ٹی یو کو بتایا کہ ’میں نے ایک دھماکا سنا، بالکونی سے دیکھا تو ایک ساتھی کے کپڑوں میں آگ لگی ہوئی تھی، میں نے پانی کے نلکے سے آگ بجھائی، پھر میں نے دیکھا کہ آگ فیکٹریوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے، عمارت کے اندر سے چیخوں کی آوازیں آ رہی تھیں‘۔

دیلوواسی استنبول سے تقریباً 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ایک صنعتی شہر ہے جہاں درجنوں گودام اور فیکٹریاں قائم ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025