شادی اور بچوں کے بعد شوبز میں آنے والی خواتین کو مرکزی کردار نہیں ملتے، آمنہ ملک

شائع November 10, 2025
— فوٹو: اسکرین گریب
— فوٹو: اسکرین گریب

ماڈل، اداکارہ اور میزبان آمنہ ملک نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں شادی اور بچوں کے بعد آنے والی خواتین کو عموماً مرکزی کردار نہیں دیے جاتے بلکہ انہیں معاون کرداروں تک محدود کر دیا جاتا ہے۔

آمنہ ملک نے حال ہی میں تابش ہاشمی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور خاندانی نظام سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مشترکہ خاندانی نظام اچھا ہوتا ہے، بزرگوں کے ساتھ رہنے سے گھر کا ماحول بہتر رہتا ہے، مگر یہ نظام اُس وقت تک ہی بہتر رہتا ہے جب تک خاندان چھوٹا ہو، لیکن جیسے جیسے خاندان بڑھتا جاتا ہے، الگ رہنا ضروری بن جاتا ہے، ورنہ رشتوں میں تلخیاں پیدا ہونے لگتی ہیں۔

ان کے مطابق الگ رہنے سے نہ صرف محبت بڑھتی ہے بلکہ تعلقات میں کشیدگی بھی نہیں آتی۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہیں ڈراموں میں مرکزی کردار اس لیے نہیں ملتے کیونکہ انہوں نے اداکاری کا آغاز دیر سے کیا تھا اور جب کیریئر شروع کیا، اس وقت ان کے دو بچے بھی تھے۔

آمنہ ملک کے مطابق ایسی خواتین جو شادی اور بچوں کے بعد شوبز انڈسٹری میں آتی ہیں، انہیں عام طور پر مرکزی کردار نہیں دیے جاتے بلکہ معاون کردار ہی پیش کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب انہیں اپنے کرداروں سے کوئی گلہ نہیں، اگرچہ پہلے ان کا دل مرکزی کرداروں کے لیے چاہتا تھا، لیکن اب وقت گزرنے کے ساتھ وہ ہر کردار کو خوشی اور تسلی کے ساتھ ادا کرتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025