ڈراما ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کے پہلے سین میں تقریباً بے ہوش ہو گیا تھا، اذان سمیع خان
اداکار و گلوکار اذان سمیع خان نے بتایا ہے کہ ڈراما سیریل ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کے پہلے سین کی شوٹنگ کے دوران انہیں شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا اور وہ تقریباً بے ہوش ہو گئے تھے۔
’میں منٹو نہیں ہوں‘ حال ہی میں اپنے اختتام کو پہنچا، جس میں اذان سمیع خان نے فرہاد بن یامین کا کردار ادا کیا اور ناظرین نے اس متنازع مگر طاقتور کردار میں ان کی اداکاری کو بے حد سراہا۔
حال ہی میں اذان سمیع خان اے آر وائے ڈیجیٹل کے پروگرام ’بز‘ میں بطور مہمان شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ڈرامے کی شوٹنگ اور اپنے کردار سے متعلق چند دلچسپ پسِ پردہ باتیں شیئر کیں۔
اداکار نے بتایا کہ ان کا وہ سین، جس میں فرہاد منٹو کو گولی مارنے آتا ہے، دراصل ان کا سب سے پہلا شوٹ تھا، یہ منظر بحریہ ٹاؤن میں فلمایا گیا تھا اور اسی پہلے شوٹ میں انہیں ہمایوں سعید اور صنم سعید جیسے بڑے اداکاروں کے سامنے پرفارم کرنا پڑا۔
اذان سمیع خان کا کہنا تھا کہ دو بڑے فنکاروں کے سامنے کام کرنے کی وجہ سے وہ قدرے گھبراہٹ محسوس کر رہے تھے اور اس دباؤ کی وجہ سے ان کے ذہن پر خاصا بوجھ تھا، تاہم انہوں نے بہترین انداز میں مشہور ’ہائے اللہ‘ والا سین مکمل کیا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ شوٹنگ کے دوران وہ تقریباً بے ہوش ہو گئے تھے کیونکہ انہیں ایک مشکل اور جذباتی منظر بڑے اداکاروں کے سامنے ادا کرنا تھا۔
اداکار نے مزید بتایا کہ انہوں نے شوٹنگ سے قبل ڈرامے کے ہدایتکار ندیم بیگ سے پانی بھی مانگا تھا، تاہم ہدایتکار بہت پُرسکون تھے اور انہوں نے انہیں مکمل اعتماد کے ساتھ وہ سین کرنے میں مدد دی۔












لائیو ٹی وی