کنسرٹ میں بھارتی پرچم لہرانے پر تنقید، طلحہ انجم کا ردعمل آگیا
پاکستانی ریپر طلحہ انجم کو کنسرٹ میں بھارتی پرچم لہرانے پر شدید تنقید کا سامنا ہے، جس پر گلوکار نے ردعمل دے دیا۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں طلحہ انجم نے نیپال میں اپنے کنسرٹ کے دوران خیر سگالی اور دوستی کے اظہار کے طور پر بھارتی پرچم لہرایا اور اسے اپنے کندھے پر بھی اوڑھ لیا۔
مذکورہ کنسرٹ کی ویڈیوز وہاں موجود سامعین کی جانب سے سوشل میڈیا پر تیزی سے شیئر کی گئیں، جب کہ شرکا کا کہنا تھا کہ گلوکار کا یہ اقدام مختلف ممالک سے آئے ہوئے حاضرین کے احترام اور امن و دوستی کا پیغام دینے کے لیے کیا گیا تھا۔
تاہم، گلوکار کا یہ عمل سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا اور صارفین کا اس پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔
صارفین میں سے کچھ نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔


بعض صارفین نے ان کے اس عمل کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ درست ہے کہ کسی دوسرے ملک کے لیے دل میں نفرت نہیں ہونی چاہیے، لیکن ایسے ملک کے لیے جو ہمیں مسلسل غلط انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرتا ہے، ایسا کرنا مناسب نہیں تھا، عزت نفس بھی کوئی چیز ہوتی ہے۔


اس معاملے پر طلحہ انجم نے ’ایکس‘ پر جاری کیے گئے پیغام میں لکھا کہ ان کے دل میں نفرت کی کوئی جگہ نہیں اور ان کے فن کے لیے کوئی سرحد نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کے بھارتی پرچم لہرانے سے تنازع کھڑا ہوا ہے تو وہ یہ عمل دوبارہ بھی دہرائیں گے۔
طلحہ انجم نے مزید کہا کہ انہیں میڈیا یا جنگ کا ماحول بنانے والی حکومتوں اور ان کے پروپیگنڈے کی کوئی پروا نہیں اور اردو ریپ ہمیشہ سرحدوں سے آزاد رہے گا۔
واضح رہے کہ مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان چار روزہ شدید فوجی جھڑپ کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات تاحال کشیدہ ہیں اور بھارت کی جانب سے اس واقعے کے بعد سے پاکستانی فنکاروں اور چینلز کا مکمل بائیکاٹ جاری ہے۔












لائیو ٹی وی