• KHI: Clear 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Cloudy 12.6°C
  • KHI: Clear 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Cloudy 12.6°C

انورالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب، فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب

— فوٹو: طارق نقاش
— فوٹو: طارق نقاش
— فائل فوٹو: طارق نقاش
— فائل فوٹو: طارق نقاش

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہو گئی، اور فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوگئے ہیں جب کہ ان کی حلف برداری کل ہونے کا امکان ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر کےامیدوار فیصل ممتاز راٹھور کو 36 ووٹ ملے، تحریک عدم اعتماد کے حق میں 36 ووٹ جبکہ 2 مخالفت میں آئے، اس طرح فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہو گئے۔

تحریک کی کامیابی کے بعد وزیراعظم ممتاز راٹھور کی حلف برداری کل ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ علالت کے باعث صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نئے وزیراعظم سے حلف نہیں لیں گے، ان کی جگہ اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نئے وزیر اعظم سے حلف لیں گے۔

قبل ازیں، پیپلز پارٹی کے رکن قاسم مجید نے ایوان میں تحریک عدم اعتماد پیش کی۔

یہ تحریک جمعے کی دوپہر اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی تھی، جس پر 25 اراکین نے دستخط کیے تھے، جن میں 23 ارکان کا تعلق پیپلز پارٹی اور 2 کا مسلم لیگ (ن) سے تھا۔

اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان کے ساتھ ساتھ قائدِ حزبِ اختلاف خواجہ فاروق احمد بھی شریک ہیں۔

اجلاس کے آغاز کے کچھ دیر بعد وزیراعظم انوارالحق 4 ارکان کے ہمراہ ایوان میں پہنچے اور پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار راجا فیصل ممتاز راٹھور سے مصافحہ کیا۔

اتوار کو پی ٹی آئی کے فارورڈ بلاک سے تعلق رکھنے والے 2 وزرا دیوان علی چغتائی اور تقدیس کوثر گیلانی صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے، جس کے بعد پارٹی کی مجموعی تعداد بڑھ کر 29 ہو گئی۔

اکتوبر میں بھی پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے 10 ارکان نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی جس سے اس کی تعداد 27 تک پہنچی تھی۔

چونکہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں سادہ اکثریت کے لیے 27 ارکان درکار ہوتے ہیں، اس لیے پیپلز پارٹی واضح برتری رکھتی ہے۔

آئینِ آزاد کشمیر کے مطابق وزیراعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر ڈالا جانے والا ووٹ اسی رکن کے حق میں شمار ہوتا ہے جو اسی قرارداد میں بطور متبادل وزیراعظم نامزد کیا گیا ہو۔

اس طرح تحریک کی منظوری کی صورت میں راجا فیصل ممتاز راٹھور بلا مقابلہ نئے وزیراعظم منتخب ہو جائیں گے، اور موجودہ اسمبلی کی مدت میں یہ وزیراعظم کی چوتھی تبدیلی ہو گی۔

2021 میں قائم ہونے والی اس اسمبلی نے 4 برس میں 3 وزرائے اعظم تبدیل کیے ہیں، ابتدا میں پی ٹی آئی نے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم منتخب کرایا تھا، جو 35 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، تاہم 9 ماہ بعد انہوں نے استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد سردار تنویر الیاس وزیراعظم بنے تھے۔

اپریل 2023 میں توہینِ عدالت کے الزام میں تنویر الیاس کو نااہل قرار دے دیا گیا تھا، جس کے بعد چوہدری انوارالحق نے منصب سنبھالا تھا، تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں راجا فیصل ممتاز راٹھور باقی 6 ماہ کے لیے چوتھے وزیراعظم کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025