• KHI: Clear 19°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.4°C
  • KHI: Clear 19°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.4°C

لاہور ہائیکورٹ: عظمیٰ بخاری کی فیک نازیبا ویڈیو کے مقدمے میں نامزد ملزم کے وارنٹ جاری

شائع November 18, 2025
پی ٹی آئی کی رہنما فلک جاوید بھی فیک ویڈیو کیس میں گرفتار ہیں — فائل فوٹو: اے پی پی
پی ٹی آئی کی رہنما فلک جاوید بھی فیک ویڈیو کیس میں گرفتار ہیں — فائل فوٹو: اے پی پی

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی فیک نازیبا ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے مقدمے میں ملزم کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر ملزم علی حسن کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے عظمیٰ بخاری کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فیک ویڈیو کیس میں ملزم 25 پیشیوں کے باوجود ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں ہو رہا جس کے باعث ٹرائل تاخیر کا شکار ہو رہا ہے، لہٰذا عدالت ملزم اسد علی کی درخواست ضمانت منسوخ کرے۔

ملزم علی حسن کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالتی نوٹس کے باوجود ملزم کیوں پیش نہیں ہوا؟

وکیل نے بیان دیا کہ اگر عدالت کہے تو ابھی ملزم کو بلا لیتے ہیں۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ نوٹس ملزم کو ہوا تھا وکیل کو نہیں۔

عدالت نے عدم پیشی پر ملزم علی حسن کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور درخواست پر کارروائی ملتوی کر دی۔

پس منظر

واضح رہے کہ پاکستان میں ایکس اور انسٹاگرام سمیت فیس بک پر جولائی 2024 میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی نامناسب ویڈیو اور اسکرین شاٹس شیئر کیے گئے تھے، جو کہ دراصل جعلی اور ڈیپ فیک تھیں۔

پاک آئی ویری فائی کی ٹیم نے عظمیٰ بخاری کی ویڈیو اور اسکرین شاٹس وائرل ہونے کے بعد اس پر تحقیق کی تھی، جس میں معلوم ہوا تھا کہ پورن ویڈیو پر وزیر اطلاعات پنجاب کا چہرہ لگا کر اسے پھیلایا گیا تھا۔

وزیر اطلاعات پنجاب اور رہنما مسلم لیگ (ن) عظمیٰ بخاری کی مبینہ جعلی نازیبا ویڈیو کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ 24 جولائی 2024 کو فلک جاوید کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر عظمی بخاری کے خلاف ایک جھوٹی ویڈیو شئیر کی گئی تھی۔

مزید کہا گیا تھا کہ مذکورہ ویڈیو سیکڑوں افراد کی جانب سے شیئر کی گئی تھی جس سے عظمیٰ بخاری کی شہرت کو نقصان پہنچا۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت پی ٹی آئی کارکن فلک جاوید سمیت دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کرے، ایف آئی اے کو اس حوالے سے تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی جائے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025