جاپان کا پاکستان پولیو پروگرام کیلئے 35 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان
جاپان کی حکومت نے پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں مسلسل تعاون جاری رکھتے ہوئے ضروری پولیو ویکسین کی خریداری کے لیے 35 لاکھ ڈالر کی نئی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔
جاپان سفارت خانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو (پی ای آئی) ان فنڈز کا استعمال کرتے ہوئے 2026 میں پولیو مہم کے لیے ویکسین کی 24 ملین سے زائد خوراکوں کی خریداری کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ان دو ممالک میں سے ایک ہے جو ابھی تک پولیو وائرس کی منتقلی کو نہیں روک سکا ہے، 2025 میں اب تک پاکستان میں کل 30 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لاعلاج بیماری کے خاتمے کی فوری کوشش میں حکومت پاکستان نے شراکت داروں کے تعاون سے روڈ میپ ٹو زیرو کے تحت نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان 26-2025 تیار کیا ہے جس کا مقصد ملک بھر میں پولیو کی منتقلی کو روکنا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان میں جاپان کے سفیر اکامٹسو شیوچی نے پاکستان کی صحت کی ترجیحات کے لیے جاپان کے طویل مدتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان کا ہمیشہ یہ ماننا ہے کہ بچوں کو قابل روک تھام کی بیماریوں سے بچانا کسی ملک کے مستقبل میں سب سے اہم سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے کہا اس تعاون کے ذریعے ہم پاکستان، یونیسیف اور تمام شراکت داروں کے ساتھ کھڑے ہونے کے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں جو پولیو کے خاتمے کے ہمارے مشترکہ مقصد کے لیے انتھک محنت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی گرانٹ پی ای آئی کو پولیو ویکسین کی خریداری اور ترسیل کے لیے اہم فنڈ فراہم کرے گی۔
پاکستان میں جائیکا کے چیف ناہوکی میاتا نے اس موقع پر ہر بچے کو ضروری پولیو ویکسین حاصل کرنے کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے پختہ عزم کی تعریف کرتے ہوئے ان کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ویکسینز بچوں اور کمیونٹیز کی حفاظت کے لیے سب سے زیادہ مؤثر طریقوں میں سے ایک ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس سپورٹ کو فرنٹ لائن ورکرز کی لگن اور والدین اور کمیونٹیز کی شمولیت کے ذریعے مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن فار پولیو ایریڈیکیش عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ ملک سے پولیو کا خاتمہ ہمارا مشترکہ مقصد ہے اور جاپان کے تعاون سے ویکسین کی ہر خوراک ہمیں پولیو سے پاک پاکستان کے قریب لاتی ہے، ہم اپنے پروگرام اور اپنے فرنٹ لائن ورکرز پر جاپان کے مسلسل اعتماد کے لیے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
پاکستان میں یونیسیف کی نمائندہ پرنیل آئرن سائیڈ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی جانب پاکستان کی پیشرفت میں جاپان کی حمایت بدستور اہم کردار ادا کر رہی ہے، اس تعاون سے اس بات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ ہر بچہ چاہے وہ کہیں بھی رہتا ہو، پولیو ویکسین حاصل کرے۔












لائیو ٹی وی