• KHI: Clear 19°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.4°C
  • KHI: Clear 19°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.4°C

غزہ: اسرائیلی فورسز کی جنگ بندی معاہدے کی پھر خلاف ورزی، مزید 23 فلسطینی شہید کر دیے

شائع November 19, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 23 بے گناہ فلسطینی شہید ہو گئے۔

قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے مختلف ہسپتالوں کے ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں غزہ اور خان یونس میں کم از کم 23 افراد شہید ہو گئے ۔

شہید ہونے والوں میں زیتون محلے کا 5 رکنی پورا خاندان بھی شامل ہے، جو اسرائیلی حملے میں شہید ہو گیا۔

خان یونس کے مغربی علاقے میں یو این آر ڈبلیو اے کی عمارت پر اسرائیلی فوج کے حملے میں مزید 3 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے، شجاعیہ جنکشن، صلاح الدین اسٹریٹ کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شخص شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔

شجاعیہ محلے میں ہی ایک اور حملے میں اسرائیلی ٹینک سے داغے گئے گولے سے ایک شخص شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

دریں اثنا اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ حماس کی جانب سے اس کے فوجیوں پر فائرنگ کے جواب میں فضائی حملے کیے گئے۔

اسرائیلی فوج نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر کہا کہ خان یونس میں ہمارے فوجیوں پر مسلح افراد نے فائرنگ کی، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ جواب میں جنوبی کمانڈ کی قیادت میں غزہ کے تمام علاقوں میں مختلف اہداف پر حملے کیے گئے۔

واضح رہے کہ غزہ کے حکومتی میڈیا دفتر کے مطابق جنگ بندی کے دوارن بھی اسرائیل نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 393 حملے کیے، جس میں 280 افراد شہید اور 672 زخمی ہوئے۔

اسرائیل کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کی نسل کش جنگ کے نتیجے میں اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں کم از کم 69 ہزار 513 افراد شہید اور ایک لاکھ 70 ہزار 745 زخمی ہو چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025