تین بار فیل ہوکر میٹرک پاس کیا، ماڈلنگ میں کیریئر بناؤں گی، میرا دل یہ پکارے فیم عائشہ اظہر
دو سال قبل آنجھانی گلوکارہ لتا منگیشکر کے گانے ’میرا دل یہ پکارے‘ پر شادی کی تقریب میں ڈانس کرکے شہرت حاصل کرنے والی ابھرتی ہوئی ماڈل عائشہ اظہر نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے تین بار فیل ہوکر بڑی مشکلوں سے میٹرک پاس کیا۔
عائشہ اظہر کی ’میرا دل یہ پکارے‘ پر ڈانس کی ویڈیو مارچ 2023 میں وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی مقبول ہوگئی تھیں۔
حال ہی میں انہوں ںے ’سنو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ ڈانس ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد بھارتی شوبز شخصیات نے بھی ان کے ڈانس اسٹیپس کو کاپی کیا جب کہ کئی شخصیات نے ان سے رابطہ بھی کیا۔
عائشہ اظہر نے بتایا کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بھارتی گلوکاروں نے بھی ان سے رابطہ کرکے ان کی تعریفیں کیں اور انہیں اپنی شہرت دیکھ کر خوشی ہوئی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ بھی شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر لائیو ویڈیوز سے پیسے کما رہی ہیں۔
ان کے مطابق انہیں اندازہ نہیں کہ ٹک ٹاک لائیو سے ماہانہ کتنے پیسے کمائے جا سکتے ہیں لیکن اچھے فالوورز رکھنے والے افراد ہفتہ وار دو لاکھ روپے تک کما سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹک ٹاک پر ان کے اچھے فالوورز ہیں اور لائیو ویڈیوز چلانے کے دوسرے دن ہی انہوں نے پیسے کمانا شروع کردیے تھے۔
مزید تعلیم سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ابھی فوری طور پر ان کا مزید پڑھنے کا کوئی ارادہ نہیں، وہ چاہتی ہیں کہ پہلے اپنا کیریئر بنائیں۔
عائشہ اظہر نے اعتراف کیا کہ ان کا دماغ پڑھائی والا نہیں ہے، اس لیے وہ پہلے کیریئر بنائیں گی، اس کے بعد مزید تعلیم حاصل کریں گی۔
اسی دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے میٹرک بھی بڑی مشکلوں سے کیا ہے، تین بار فیل ہوکر انہوں نے میٹرک پاس کیا، ان سے پڑھائی نہیں ہوتی، وہ ماڈلنگ میں کیریئر بنانا چاہتی ہیں۔












لائیو ٹی وی