ایشیا کپ رائزنگ اسٹار: پاکستان کی سری لنکا کو 5 رنز سے شکست، فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
ایشیا کپ رائزنگ اسٹار کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے سری لنکا ’اے‘ ٹیم کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا ٹیم پاکستان شاہینز کے 153 رنز کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز ہی بنا سکی۔
لنکن اوپنرز لاستھ کراسفلے 27 اور ویشن ہالام بھاگے کے 29 رنز بنانے کے باوجود مڈل آرڈر بیٹرز پاکستانی باؤلرز کے سامنے جم کر بیٹنگ کرنے میں ناکام رہے۔
لوئر مڈل آرڈر میں شامل میلان رتھنا یاک نے 32 گیندوں پر 40 رنز بنا کر شاہینوں کے خلاف بھرپور مزاحمت کی تاہم وہ بھی اپنی ٹیم کو میچ جتوانے میں ناکام رہے۔
پاکستانی اسپنرز صفیان مقیم اور سعد مسعود نے نپی تلی باؤلنگ سے لنکن بیٹرز کو پریشان کیے رکھا اور 3،3 وکٹیں اپنے نام کیں، عبید شاہ، احمد دانیال اور شاہد عزیز کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
قبل ازیں، پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے، وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری نے شاندار 36 گیندوں پر 39 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
معاذ صداقت نے 23، سعد مسعود اور احمد دانیال نے 22،22 رنز کی اننگز کھیلی۔
محمد نعیم 16، شاہد عزیز اور محمد فائق 7،7 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے، یاسر خان اور کپتان عرفان خان نیازی 6،6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی طرف سے پرامود مدھوشان نے 29 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، تراوین میتھیو نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ رائزنگ اسٹار کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے مضبوط حریف بھارت کو دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ایشیا کپ رائزنگ اسٹار کا فائنل مقابلہ 23 نومبر کو دوحہ میں کھیلا جائے گا۔













لائیو ٹی وی