لاہور کلاسیکل رومانوی شہر ہے، دھند میں محبت ہوجاتی ہے، فواد خان
اداکار و گلوکار فواد خان نے کہا کہ لاہور ایک بہترین کلاسیکل رومانوی شہر ہے اور دھند والے موسم میں کسی کو بھی باآسانی محبت ہوسکتی ہے۔
ان دنوں فواد خان اپنی آنے والی رومانوی فلم ’نیلوفر‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں وہ ساتھی اداکارہ ماہرہ خان کے ہمراہ متعدد انٹرویوز بھی دے رہے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے صحافی ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران فواد خان نے بتایا کہ انہیں اپنی اہلیہ صدف سے پہلی نظر میں محبت ہوگئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے اہلیہ کو پہلی مرتبہ دیکھا تو وہ سردیوں کا موسم تھا اور لاہور میں بہت زیادہ دھند تھی، جب کہ اب اسموگ ہوتی ہے۔
اداکار کے مطابق یہ 1998 کی سردیاں تھیں اور ایم ایم عالم روڈ پر ‘فور سیزنز’ کے نام سے ایک ریسٹورنٹ ہوا کرتا تھا، جو ایک بینکوئٹ ہال جیسی جگہ تھی، جہاں انہوں نے صدف کو پہلی مرتبہ دیکھا۔
فواد خان نے یہ بھی کہا کہ سردیوں کے موسم میں لاہور کا ایک الگ ہی ماحول ہوا کرتا تھا۔
ان کے مطابق لاہور ایک بہترین کلاسیکل رومانوی شہر ہے اور دھند والے موسم میں کسی کو بھی بآسانی محبت ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ فواد خان نے سال 2005 میں صدف فواد کے ساتھ شادی کی، جن سے ان کا ایک بیٹا اور دو بیٹیاں علائینا اور بیا ہیں۔












لائیو ٹی وی