میری لاپرواہی کی وجہ سے بیٹی کی صحت متاثر ہوئی، اب ہر سال اس کا چیک اپ ہوتا ہے، سعدیہ امام
سینئر اداکارہ سعدیہ امام نے انکشاف کیا کہ ان کی لاپرواہی کی وجہ سے بیٹی کی طبیعت متاثر ہوئی تھی اور اب اس کا ہر سال مکمل چیک اپ کیا جاتا ہے۔
سعدیہ امام نے حال ہی میں سما ٹی وی کے مارننگ پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اپنی ذاتی زندگی کے ایک اہم واقعے کا ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی 2012 میں ہوئی اور ان کی بیٹی کی پیدائش 2014 میں ہوئی۔
سعدیہ امام کے مطابق بیٹی کی پیدائش سے قبل ہی وہ شوہر کے پاس جرمنی منتقل ہو گئی تھیں اور بیٹی کی پیدائش فوری طور پر ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ بیٹی اگست کے مہینے میں پیدا ہوئی تھی اور ستمبر کے بعد وہاں شدید سردیاں شروع ہو جاتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ بیٹی کی پیدائش پر انہیں مشورہ دیا گیا کہ بچے کو اچھی طرح گرم رکھیں تاکہ اسے سردی نہ لگے، اس مشورے پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے بیٹی کو بہت زیادہ گرم کپڑے پہنا دیے، لیکن یہ نہیں سوچا کہ گھر میں پہلے سے ہی ہیٹر چل رہا تھا، جس کی وجہ سے کمرہ پہلے ہی کافی گرم تھا۔
سعدیہ امام نے بتایا کہ اس بد احتیاطی کی وجہ سے بیٹی کو چھ ماہ سے بھی کم عرصے میں شدید بخار ہوا، جو اس کے سر پر چڑھ گیا اور اسے دورے پڑے۔
ان کے مطابق اس دوران بیٹی کی حالت بہت خراب ہوگئی تھی، اس کے منہ سے جھاگ نکل رہے تھے اور آنکھیں بھی اوپر اٹھ گئی تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اسی وقت ان کے شوہر گھر پہنچ گئے، جنہوں نے فوری طور پر ایمبولنس منگوائی، اس کے بعد انہیں سمجھ آیا کہ کسی کو بھی بخار میں زیادہ کپڑے کبھی بھی نہیں پہنانے چاہئیں بلکہ کوشش کرنی چاہیے کہ جسم پر کم سے کم کپڑے ہوں اور بخار میں نارمل پانی کی پٹیاں رکھی جائیں، جس سے بخار کم ہوتا ہے۔
سعدیہ امام نے مزید کہا کہ اب ہر سال بیٹی کا مکمل چیک اپ ہوتا ہے، کیونکہ جن بچوں کے ساتھ ایسا ایک دفعہ ہوجاتا ہے، ان کے ساتھ دوبارہ بھی ایسا ہوسکتا ہے، خاص طور پر نو سال کی عمر تک اسے انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا۔
ان کے مطابق بیٹی کو اس کے بعد چار بار دورے پڑے اور بخار بھی 104 ڈگری تک پہنچا، لیکن اب وہ کافی بہتر ہے۔












لائیو ٹی وی